سابق میونسپل کمشنرکورنگی مسرور میمن سے کتنی سونے کی اینٹیں برآمد ہوئیں، سب کچھ سامنے آ گیا

 
0
130

اسلام آباد 26 جنوری 2022 (ٹی این ایس): اسلام آباد ،جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں نیب راولپنڈی نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق میونسپل کمشنر کورنگی مسرور میمن اور ان کے 2 ساتھیوں کو بھاری خزانے سمیت گرفتار کرلیا گیا، قبضے میں لیئے گئے سامان میں سونے کی اینٹیں، سونے کے بٹن، ڈالر، درہم اور ریال بھی شامل ہیں۔ نیب راولپنڈی نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اینٹیں، درہم، دینار اور ڈالروں کا ڈھیر، ہزار اور 5 ہزار روپے کے نوٹوں سے بھرے بریف کیس اور نئے نوٹوں کی بے شمار گڈیاں قبضے میں لے لیں۔ سابق میونسپل کمشنر کورنگی مسرور میمن نے تمام مال و دولت اپنے گھر میں جمع کر رکھا تھا، نیب نے کرپشن کے اس بے تاج بادشاہ کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ نیب حکام کے مطابق کارروائی میں کئی ملین کی ٹی ٹی کی رسیدیں بھی نیب کے ہاتھ لگی ہیں، جو منی لانڈرنگ کا بڑا ثبوت ہیں۔ نیب کے مطابق کورنگی میونسپل کارپوریشن کے اکاؤنٹس آفیسر وکاش اور آڈٹ آفیسر دھرم ویر کرپشن کے دھندے میں اپنے سابق باس مسرور میمن کا ساتھ دیتے رہے، تینوں مل کر رشوت لے کر ٹھیکے دیتے تھے، تیل کی خریداری میں بھی بڑے گھپلے کرتے رہے۔ نیب حکام کے مطابق تینوں ملزمان کو راہداری ریمانڈ لے کر اسلام آباد لایا جائے گا پھر باقاعدہ جسمانی ریمانڈ لے کر تفتیش کا آغاز ہوگا۔ نیب نے اس سے پہلے 2019 میں سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو بھی اپنے گھر سے بھاری خزانے کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔