جنگلات کی افزائش اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ، درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر عائد جرمانے میں بھی اضافہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

 
0
159

اسلام آباد 22 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ جنگلات کی افزائش اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ، جنگلات کی کٹائی کو ہر صورت روکا جائے گا اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر عائد جرمانے میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلانٹ فار پاکستان ڈے موسم بہار مہم 2022 کے افتتاح کے موقع پر کیا ، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں پودا بھی لگایا ، تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج، سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری لعل جان جعفر اور بلوچستان بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے سکاوٹس بھی شریک تھے۔

سیکریٹری جنگلات نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے تحت بلوچستان میں 10 ملین درخت لگائے جائیں گے اور موسم بہار میں 5 لاکھ درخت لگائے جائیں گے جبکہ شجر کاری مہم میں بلوچستان بوائے اسکاوٹس 54 ہزار پودے لگائیں گے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس مہم کے تحت ساحلی علاقوں میں مینگروز کے درخت لگائیں جائینگے اور صوبے میں اس مہم کو ضلع وار شروع کیا جارہا ہے جس میں علاقوں کی مخصوص آب و ہوا کو مدنظر رکھتے ہوئے پودوں کی افزائش کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بلین ٹری سونامی منصوبے کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، یقیناً یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو صاف وشفاف ماحول اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہے کیونکہ درخت ماحول میں پیدا ہونے والی ضرر رساں گیسوں کو جذب کرتے ہیں اور ایک صحت افزاءماحول فراہم کرتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو بھی سر سبز بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ جنگلات کے تحفظ اور کٹائی کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے اور علاقے اور ماحول سے موافق پودوں کی افزائش شروع کی جائے،

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ درخت لگانے اور انکے تحفظ کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے اور مہم کے دوراں لگائے جانے والے پودوں کی نشوونما کا بھی میکینزم بھی بنایا جائے،

وزیراعلیٰ نے تقریب میں موجود بوائے اسکاوٹس سے بات چیت کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسکاؤٹس شجر کاری کی اس مہم کے تحت لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال اور رکھوالی بھی کریں گے اور وہ خود بھی بوائے سکاوٹس کی جانب سے لگائے جانے والے پودوں کا معائنہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ کو اس موقع پر سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی نے محکمہ کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے عالمی یوم بوائے اسکاوٹس کی مناسبت سے اسکاوٹس کے ہمراہ کیک بھی کاٹا،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک مثبت اور تعمیری معاشرے میں اسکاوٹس اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور ہمارے صوبے کے اسکاوٹس بھی صاف اور شفاف ماحول کی فراہمی کے لیے شجر کاری کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو ایک خوش آئند امر ہے، قبل ازیں وزیراعلیٰ کو تقریب میں پہنچنے پر بوائے سکاوٹس نے سلامی پیش کی۔