پائیدار ترقی کے 17 اہداف میں سے 60 فیصد پر عمل درآمد میں مقامی حکومتوں کا اہم کردار ہے،پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لئے 740ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا خطاب

 
0
730

اسلام آباد 22 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف(ایس ڈی جیز) کے 17 اہداف میں سے 60 فی صد پر عمل درآمد میں مقامی حکومتوں کا اہم کردار ہے، ہمارے سیاسی نظام میں بنیادی ڈھانچہ مقامی حکومتوں کا ہے،ایک مضبوط بلدیاتی نظام ضروری ہے اس سے نہ صرف گورننس میں بہتری آئے گی بلکہ متوسط قیادت بھی سامنے آئے گی، خیبر پختونخوا میں ایک کامیاب بلدیاتی نظام متعارف کرایا گیا ہے،اب پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی طرف جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کی استعداد کار بڑھانے کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایس ڈی جیزنیشنل ٹاسک فورس کے کنوینئر ریاض فتیانہ،سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد علی زیدی اور ہیڈ آف یورپی یونین اووائڈیو میک موجود تھے جبکہ تربیتی ورکشاپ میں گلگت بلتستان، آزادوجموں کشمیر اورصوبائی ٹاسک فورس کے ممبران نے شرکت کی۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی صحت سہولت پروگرام کے ذریعے ہر شخص کو 10لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی نئے شعبے اور بیڈز کی تعداد بڑھائی جارہی ہے،اب تک 20لاکھ افراد نے صحت انصاف کارڈ سے استفادہ حاصل کیا جس کے 46ارب روپے کے کلیمزہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جیز کے تحت ریکارڈ ترقیاتی پروگرام کرائے گئے،پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لئے 740ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،این ایف سی کے ساتھ ساتھ صوبائی فنانس کمیشن بھی اہم ہے، پنجاب میں 369ارب سے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام پر کام جاری ہے،حکومت پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے 17گولز پر سنجیدگی سے عمل کر رہی ہے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کامباب جوان پروگرام کے بعد کامیاب پاکستان پروگرام متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت 5لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیے جارہے ہیں،پہلی مرتبہ محروم طبقات کو چھت کی فراہمی کے لئے مورگیج سسٹم لائے ہیں، کم آمدن گھروں کے لئے آسان قرض دیئے جارہے ہیں،اب تک 250ارب روپے قرض کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 130ارب کے قرض منظور اور 45ارب فراہم کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ اتفاق رائے سے یکساں نصاب متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کا مقصد تعلیم کے شعبے میں تفریق کو ختم کرنا ہے ۔ پنجاب میں سکولوں کی اپ گریڈیشن، نئی یونیورسٹیوں اور کالجز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ سالانہ 50ہزار سکالر شپس دیں جارہیے ہیں۔10ارب روپے سے سکلز فار آل پروگرام بھی جاری ہے۔