اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، اس کی بیوقوفی سے کوئی بڑاحادثہ ہو سکتا ہے ، کوئی انتشار و خلفشار پیداہوا تو اپوزیشن اس کی ذمہ دار ہو گی، وزیرداخلہ

 
0
141

اسلام آباد 22 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، اس کی بیوقوفی سے کوئی بڑاحادثہ ہو سکتا ہے ، کوئی انتشار و خلفشار پیداہوا تو اپوزیشن اس کی ذمہ دار ہو گی، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کا شوق پورا کرلے ، عمران خان سرخرو ہو گا، اسلام آباد میں جدید کرکٹ سٹیڈیم ، 3 نئے بڑے ہسپتال، خواتین کا بازار اور پولیس کا جدید خدمت مرکز بنائے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کو میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شیخ رشیداحمد نے کہا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم ایک عرصہ کے بعد کھیلنے کے لئے 27 فروی کو پاکستان آ رہی ہے ۔ ان کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ حکومت اگر کہے تو رینجرز کی تعداد بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جو بھی تعاون مانگیں گے فراہم کیا جائے گا اگر وہ کہیں گے تو تھانوں میں بھی رینجرز تعینات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ کراچی میں حالات ناگفتہ بہ ہیں اس کا کوئی بھی نتیجہ نکل سکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی سےذمہ دارانہ اداکرنے کردار کی توقع ہے۔ سندھ میں 13 نئے پاسپورٹ آفس کھولے جا رہے ہیں۔ 28 نئے آئی ڈی کارڈ سٹیشن بھی کھولے جائیں گے۔ چاروں صوبوں میں ایک ایک آفس کا میں خود ادفتتاح کروں گا۔ پاکستان ای پاسپورٹ کی جانب بڑھ رہا ہے ۔

وزیراعظم کل تاریخی تاریخی دورے پر جا رہے ہیں۔ واپسی پر وہ اس کا افتتاح کریں گے۔1819 سروس کا افتتاح بھی کیاجائے گا۔ 1122 کو جدید بنائیں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتمادلانا یا احتجاج کرناچاہتی ہے تو شوق سے کرے ، اس کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

اپوزیشن رہنمائوںکو یاد رکھنا چاہیے کہ جب بھی تحریکیں چلتی ہیں تو نتیجہ اپنی خواہشات کے مطابق نہیں ملتا۔ تحریک عدم اعتماد میں بھی اپوزیشن کو ناکامی ہو گی۔ اپوزیشن ساڑھے 3 سال سے لگی ہوئی ہے ، روز سنتے ہیں کہ آ ج آ رہے ہیں، کل آ رہے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد لانی ہے تو پہلے اپنے نمبرپورے کرلیں۔ ایسا نہ ہوکہ بعد میں الزام لگائیں کہ فون آ گیا یا کورونا کی وجہ سے بندے نہیں آ سکے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ اسلام آباد میں جدید خواتین بازار اور شاپنگ سنٹر بنایا جائے گا۔ جو خواتین کاروبار کرنا چاہیں وہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے سکتی ہیں۔ ایف 6 اسلام آبادمیں پولیس کا اعلیٰ معیار کا خدمت مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔ایک چھت تلے 28 سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 23 مار چ کو آنا چاہتی ہے تو بیشک آ جائے لیکن 23 مارچ کو شائد نہ آئے ۔ 22 اور 23 مارچ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس ہے۔

اپوزیشن نے اگر اپنے کارڈ چھپائے ہوئے ہیں تو یاد رکھیں کہ عمرا ن خان اپنے کارڈ چھاتی لگا کر کھیلتاہے۔ اپوزیشن جتنی مرضی ملاقاتی، باتیں اور گزارشات کرتی رہے اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنے والا۔ عام انتخابات میں ایک سال رہ گیا ، شہروں انتخابی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔ بعض جگہ پر تو امیدواروں کے بینرز بھی لگ گئے ہیں۔ اپوزیشن اگر تحریک عدم اعتماد لائے گی تو پھنس جائے گی ، اس لئے عقل کے ناخن لیں ایسا نہ ہوکہ ان کی بیوقوفی کی وجہ سے ملک کسی مشکل صورتحال میں پھنس جائے۔

ایک سوا ل کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ جہانگیر ترین سے 5،6 سال سے میری ملاقات نہیں ہوئی ۔وہ اچھے آدمی ہیں۔ ایم کیو ایم اور ق لیگ ہماری اتحادی ہے۔ میرا حکومت کو مشورہ ہے کہ اگر جہانگیر ترین سے بات کی جائے تو وہ ذمہ داری کا ثبوت دیں گے ۔ان سے بات کرنے میں کوئی ہرج نہیں۔ سیاست دان کبھی دروازے بند نہیں کرتا۔ ن لیگ اگر 14 سال بعد ق لیگ کی طرف جا سکتی ہے تو ترین اور عمران خان تو سالوں سے دوست ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج عظیم ادارہ ہے،نوشکی ،تربیت ، پنجگور سمیت بلوچستان بھر اور ملک کی سرحدوں پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اگر کسی قسم کا انتشار ہوا تو فوج حکومت کے ساتھ ہے۔ پاک فوج ملک کےمعاملات پر گہری نظر رکھتی ہے اور اسے ملکی سالمیت ، مستقبل اور قومی معاملات کا بخوبی ادرا ک ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سیف سٹی کے جو کیمرے خراب ہیں انہیں ٹھیک کیاجائےگا۔دفعہ 144 لگا رہے ہیں جس کے تحت کرایہ دار کا ڈیٹا پولیس کو فراہم کرنا مالک مکان کی ذمہ داری ہو گی۔ اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں بڑے پیمانے پر باہر سے لوگ آ رہے ہیں۔ غیر ملکیوں کو اپنے گھر کرائے پر دینے والوں کو خبردار کررہا ہوں کہ تھانوں میں اطلاع دیئے بغیر کسی غیر ملکی کو گھر کرائے پرنہ دیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ کے مابین بہتر رابطے کے لئے کمیٹی بنا دی ہے ۔بلاول بھٹو زرداری شوق سے آئیں لیکن انتظامیہ کو اپنے شیڈول سے آگاہ کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلا م آباد میں جدید کرکٹ سٹیڈیم بنانے جا رہے ہیں جس کے ساتھ فائیو سٹار ہوٹل بھی ہوگا۔ اسلام آباد میں جدید ہسپتالوں کے قیام کے لئے 3 پلاٹ آکشن کئے جائیں گے۔ صحت کارڈ کی وجہ سے سرکاری ہستپالوں پر لوڈ کم ہو گیا ، اب لوگ پرائیویٹ ہسپتالوں سے اپنا علاج کرا رہےہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شوشل میڈیا پرخرافات نہیں ہونے چاہئیں۔ اس حوالے سے قانون سازی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت سے متعلق ہے، البتہ انویسٹی گیشن وزارت داخلہ سے متعلق ہے۔ اپوزیشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کل تک جو ایک دوسرے کے گلے پڑتے تھے آج پائوں پڑ رہے ہیں۔ اپوزیشن کی سیاسی غلط فہمی اور بیوقوفی سے کوئی بڑاحادثہ ہو سکتا ہے اور انتشار اور خلفشار ان کے گلے پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور شمالی وجنوبی وزیرستان میں بعض طاقتیں غیرملکی اشاروں پرکام کررہی ہیں انہیں سختی سے کچل دیاجائےگا۔