23 سال بعد پاکستان کے وزیر اعظم روس کا دورہ کر رہے ہیں، فواد چوہدری

 
0
134

اسلام آباد 23 فروری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حزب اختلاف نے ہمارے اراکین کو پیسوں کی آفر کر دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے دورہ روس سے متعلق اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی نظریں اس وقت صدر پیوٹن اور وزیر اعظم پر ہوں گی جبکہ وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ ہم کسی گروپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔23 سال بعد پاکستان کے وزیر اعظم روس کا دورہ کر رہے ہیں اور وزیر اعظم کا دورہ روس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ دنیا کی 40 فیصد سے زیادہ گندم روس اور یوکرین میں پیدا ہوتی ہے اور افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر کی پوری دنیا معترف ہے۔ افغانستان میں اس وقت غذائی اور معاشی بحران ہے۔

حزب اختلاف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا چیلنج ہے حزب اختلاف 24 گھنٹے کے اندر تحریک عدم اعتماد لائے تو انہیں بھی لگ پتہ جائے گا۔ حزب اختلاف کی جانب سے ہمارے 3 اراکین کو پیسوں کی آفر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رات پاکستان کے 2 بڑے سوداگر اکٹھے ہوئے اور حزب اختلاف کی ملاقات میں طے ہوا کہ آپ کتنے پیسے ڈالیں گے اور ہم کتنے؟ آج اسلام آباد ہی ماسکو بن گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بنی گالا میں میڈیا کو بلانے اور پیغام سے متعلق کہا کہ بس تیاری کرو حزب اختلاف نے بڑی عیاشی کر لی ہے۔ اب اگلا جلسہ وہاڑی میں ہو گا اور بلدیاتی انتخابات بھی آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے خیال تھا یہاں بیٹھ کر تحریک عدم اعتماد کی تیاری کرنا پڑے لیکن مجھے لگ نہیں رہا جو یہ رات کو آپس میں ملے ہیں اور ملے ایسے ہیں جیسے ٹوسٹ کرنے لگے ہیں۔ مریم نواز گھبرا گئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 100 ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور دنیا بھر میں اس کا بحران بھی آسکتا ہے۔ ہمارا مقصد ایک متوازن خارجہ پالیسی لے کر چلنا ہے جبکہ بل گیٹس نے پولیو کے خلاف پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کو پوری دنیا سراہتی ہے۔