انگلش پریمیئر لیگ میں برنلے ،کرسٹل پیلس اور لیور پول نے اپنے میچز جیت لئے

 
0
517

لندن 24 فروری 2022 (ٹی این ایس): برنلے ،کرسٹل پیلس اور لیور پول کی ٹیموں نے انگلش پریمیئر لیگ میں اپنے اپنے میچ جیت لئے ۔ برنلے نےٹوٹنہم ہاٹ پور کو،کرسٹل پیلس نے واٹفورڈ اور لیور پول نے لیڈ ز یونائیٹڈ کو شکست دی۔ پریمیئر فٹ بال لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔

انگلش پریمیئر لیگ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں برنلے کی ٹیم کا مقابلہ ٹوٹنہم ہاٹ پور سے تھا یہ میچ ٹرف مور، برنلے میں کھیلا گیا جس میں برنلے نے سخت مقابلے کے بعد ٹوٹنہم ہاٹ پور کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے واحد گول بین می نے سکور کیا۔دوسرا میچ کرسٹل پیلس اور واٹفورڈ کی ٹیموں کے درمیان ویکراج روڈ ،واٹفورڈ کے مقام پر کھیلا گیا جس میں کرسٹل پیلس نے واٹفورڈ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔

کرسٹل پیلس کی فتح میں جین فلپ میٹیٹا اور کونور گالاگھرنے ایک ایک جبکہ ولفریڈ زاہا نے دو گول سکور کر کے اہم کردار ادا کیا۔ تیسرے میچ میں لیورپول اور لیڈز یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں لیور پول کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے کے بعد لیڈز یونائیٹڈ کو 0-6 گول سے ہرا دیا۔