عالمی بینک کا افغانستان کو ایک ارب ڈالر امداد کا اعلان

 
0
214

واشنگٹن 02 مارچ 2022 (ٹی این ایس): عالمی بینک نے افغانستان کے لئے ایک ارب ڈالر امداد کا اعلان کر دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی بینک نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا کہ یہ امداد افغانستان میں اقوام متحدہ کے اداروں اور بین الاقوامی فلاحی تنظیموں کو دی جائے گی جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کاموں پر خرچ کی جائے گی۔

بینک نے کہا کہ یہ رقم افغان حکومت کے کنٹرول سے باہر ہو گی۔عالمی بینک نے کہا کہ یہ فنڈز، گرانٹس کی شکل میں فراہم کیے جائیں گے اور اس امداد کا مقصد ضروری بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد، ضرورت مند افغان شہریوں کاتحفظ ، انسانی سرمائے اور اہم اقتصادی اور سماجی خدمات کے تحفظ میں مدد اور مستقبل میں انسانی امداد کی ضرورت کو کم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی بینک کی جانب سے2002 میں افغان شہریوں کو ایک مربوط مالیاتی طریقہ کار فراہم کرنے کے لیے افغانستان ری کنسٹرکشن ٹرسٹ فنڈ (اے آر ٹی ایف) قائم کیا گیا تھا جس نے سخت سردی کے مہینوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کے لیے گزشتہ سال دسمبر میں 280ملین ڈالر خرچ کیے تھے۔

ورلڈ بینک نے گزشتہ سال طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعدافغانستان کے لیے امداد بند کر دی تھی۔اے آر ٹی ایف ایک کثیر ڈونر فنڈ ہے جو عالمی بینک نے ڈونر پارٹنرز کی جانب سے 2002 میں قائم کیا تھا جس کے تحت لاکھوں افغان شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی امداد کو مربوط کیا گیا۔

طالبان کے اقتدار میں آنے سے قبل اے آر ٹی ایف افغانستان کے لیے سب سے بڑا ترقیاتی فنڈنگ کا زریعہ تھا جو حکومت کے بجٹ میں 30فیصد تک مالی اعانت فراہم کرتا تھا۔ عالمی بینک طالبان کی اس حکومت کو براہ راست امدادی رقم فراہم نہیں کر سکتا جسے ابھی تک بین الاقوامی برادری نے تسلیم نہیں کیا بلکہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے اقوام متحدہ کے اداروں جیسے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کو فراہم کرتا ہے