ہندوستان کا سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ حقائق کے برعکس ہے،پاکستان کی امن اور استحکام کے لئے کوششیں دنیا کے سامنے ہیں، وزیر مملکت فرخ حبیب کا انسیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیزمیں سیمینار سے خطاب

 
0
167

اسلام آباد 03 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ ہندوستان کا سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ حقائق کے برعکس ہے، ہندوستان کے اندر سے اقلیتوں پر مظالم پر آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں،پاکستان کی امن اور استحکام کے لئے کوششیں دنیا کے سامنے ہیں،بھارت میں بابری مسجد کی شہادت، آسام واقعہ، حجاب پر پابندی سمیت اقلیتوں پر مظالم سب کے سامنے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ کشمیریوں پر ہندوستان کے مظالم اور بربریت کی انتہا ہے۔

ان خیالات کا وزیر مملکت فرخ حبیب نے جمعرات کو اسلام آباد میں انسیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیزکے زیر اہتمام منعقدہ “ہندوستان بڑی جمہوریت یا جعلی یونین”سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ حجاب کے معاملے میں ہندوستان میں رہنے والی بڑی بڑی شخصیات نے مسلمانوں کو غیر محفوظ قرار دیدیا ہے،مودی کی بی جے پی سرکار ہندوتوا ایجنڈے اور آر ایس ایس انتہا پسندانہ سوچ کو دوام دے رہی ہے، بابری مسجد شہید کرنے کے بعد اب دائرہ کار پورے ہندوستان میں پھیل چکا ہے، مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن گیا ہے جہاں انٹرنیٹ کی بندش، اطلاعات تک رسائی میں رکاوٹیں ہیں۔

وزیر مملکت نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے 5اگست کے ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات کے خلاف اقوام متحدہ میں بات کی تو مغربی میڈیا نے اس پر لکھنا اور بولنا شروع کیا، پاکستان کی امن اور استحکام کے لئے کوششیں دنیا کے سامنے ہیں، سکھ برادری کی خالصتان تحریک اور پاکستان کے لئے ریفرنڈم اسکا منہ بولتا ثبوت ہے،

راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کہا کہ مودی سرکار ہمارے آباو اجداد کے مشن کی مخالف سمت پر چل رہی ہے، یہ ثابت ہوچکا ہے کہ مودی کی ہندوتوا سوچ آئین پر حاوی ہوگئی، ہندوستان میں اقلیتیں غیر محفوظ ہوچکی ہیں، ایک طرف ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کررہا ہے اور اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہا تو دوسری طرف پاکستان کرتار پور راہداری کھولنے جیسے اقدامات اٹھا رہا ہے،

دنیا ہندوستان کی تنگ نظری سے واقف ہوچکی ہے، فرخ حبیب نے کہاکہ ای یو ڈس انفولیب نے 750 جعلی ویب سائٹس پکڑی ہیں، ہمیں ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار فیئر کا سامنا ہے، ان دیکھی جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے،پاکستان ایٹمی ملک ہے جو کہ دشمن کو کھٹھک رہا ہے، انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی جھوٹ پھیلانے والی ایجنسی بن چکی ہے، وزیراعظم عمران خان اسی طرح بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے رکھتے رہیں گے۔

اس موقع پرسابق سفیر آصف علی خان درانی ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ ملک ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عرشی سلیم ھاشمی ، سنٹر فار ایرو سپیس اور سیکورٹی سٹڈیز کے ڈائریکٹر سٹریٹجک ڈیفنس سید محمد علی سمیت دیگر مقررین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور بھارت کی جعلی جمہوریت کا پردہ چاک کیا ۔

مقررین نے کہاکہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 25تا28کے مطابق ہر شہری کو مذہبی آزادی ہے تاہم عملی طور پر یہ ناپید ہے ،بابری مسجد مذہبی آزادی کا استعارہ تھا ۔مقررین نے کہاکہ بھارت سب کچھ ہوسکتا ہے تاہم ایک جمہوریت نہیں بن سکتا ۔بھارت اپنے مظالم اور مکروہ چہرے کے باعث عالمی سطح پر تنہاہوچکا ہے ۔