شادی ہالز کیس، اعتراضات آج کے بعد جمع نہیں ہونگے، چیف جسٹس

 
0
367

قواعد کے تحت شادی ہالز فضلہ اور سیوریج کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کرنے کے پابند ہوں گے ٗ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا عدالت میں بیان 
اسلام آبادمئی 2(ٹی این ایس)چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا شادی ہالز کے بارے میں کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ وفاقی محتسب رپورٹ کے خلاف جس نے اعتراضات دینے ہیں آج رات تک جمع کروا دیں ٗ پھر کسی کا اعتراض نہیں سنا جائے گا۔

بدھ کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے شادی ہالز کے معاملے کی سماعت کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شادی ہالز کی ریگولیشن میں فضلہ اور سیوریج سے متعلق قواعد موجود ہیں، قواعد کے تحت شادی ہالز فضلہ اور سیوریج کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کرنے کے پابند ہوں گے۔اس موقع پر شادی ہالز کے وکیل کا موقف تھا کہ شادی ہالز کو اعتراضات دائر کرنے کا موقع دیا جائے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ وفاقی محتسب رپورٹ کے خلاف جس نے اعتراضات دینے ہیں آج رات تک جمع کروا دیئے جائیں آج کے بعد کسی کا اعتراض نہیں سنا جائیگا ٗاس موقع پر کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔