ندیم افضل چن کی پیپلز پارٹی میں واپسی، چھوٹے بھائی وسیم چن کا ردعمل

 
0
136

اسلام آباد 06 مارچ 2022 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کر کے واپس پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ندیم افضل چن کے بھائی اور تحریک انصاف کے رکن اسمبلی وسیم چن نے بڑے بھائی کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ندیم افضل چن نے لاہور میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کر کے دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ کچھ مجبوریوں کی وجہ سے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا غلط فیصلہ کیا لیکن اپنے گھر میں واپس آنے پر خوش ہوں۔

ندیم افضل چن کے تحریک انصاف سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے فیصلے پر ان کے چھوٹے بھائی اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی وسیم چن نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

وسیم چن کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ندیم افضل چن کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، اس فیصلے میں والد صاحب یا ہم بھائیوں کی تائید حاصل نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افضل چن نے بہتر سمجھا کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ بہتر چل سکتے ہیں، انہوں نے اپنی سیاسی راہیں ہم سے جدا کر لیں، ہم اس فیصلے میں ان کے بالکل بھی ساتھ نہیں ہیں۔

وسیم چن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس تحریک انصاف کا مینڈیٹ ہے اور ہم اپنے مینڈیٹ کی پاسداری کریں گے، ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ہمیں عمران خان پر مکمل اعتماد ہے۔