وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا خواتین کے حقوق کے عالمی دن پر پیغام

 
0
200

لاہور 08 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے،خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے،مغرب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا،اللہ تعالی نے ماں، بیٹی و بہن جیسے عظیم اور خوبصورت رشتوں کا امین بنا کر عورت کو تقدس و احترام دیا ہے،

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین با صلاحیت،محنتی اورتعلیم یافتہ ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پاکستان کے انتظامی اور دفاعی اداروں میں بھی خواتین کا بھرپور کردار قابل ستائش ہے،خواتین کو بااختیار بنائے بغیرترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا،

موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم اور ہماری حکومت نے خواتین کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے برابری کے مواقع دیئے ہیں،خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے،

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر15فیصد کیا گیا اور ان کیلئے ملازمتوں میں عمر کی حد میں مزید 3سال کی رعایت دی گئی ہے،خواتین کا عالمی دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے،وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ یہ دن ملک کی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کرنے والی خواتین کو مزید آگے بڑھنے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔