اسلام آباد 08 مارچ 2022 (ٹی این ایس): معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزارت اعلی کے حوالے سے قیادت کو کسی قسم کا کوئی پیغام نہیں دیا۔ اس ضمن میں ذرائع کے حوالے سے مختلف چینلز پر نشر ہونے والی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے علیم خان کے خلاف، چوہدری پرویز الہی کو منصب دینے یا اپنے پاس رکھنے کے حوالے سے بھی کوئی بات نہیں کی۔
ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔ تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، مخالفین کی دراڑیں ڈالنے کی ہر سازش ناکام ہو گی۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب نے کہا کہ پرچہ آوٹ آف کورس آئے یا کورس میں سے تمام سوالوں کے جواب تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اور گلے شکوے گھروں میں بھی ہوتے ہیں اور سیاسی جماعتوں میں بھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے سے اپوزیشن کلین بولڈ ہو گئی۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ ہم پنجاب کے تمام لوگوں سے رابطے میں ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ بات چیت سے تمام معاملات حل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی ایک جیسے اصولوں پر مبنی ہونی چاہیئے۔ عمران خان کی فارن پالیسی آزاد فارن پالیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی عدم استحکام کا فائدہ ملک دشمن عناصر اٹھائیں گے۔ لانگ مارچ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے لوگوں کے دلوں میں وزیر اعظم بننے کے چھوٹے چھوٹے پھول کھل رہے ہیں، مارچ گزر جائے گا تو یہ پھول بھی مرجھا جائیں گے۔