عمران خان اپنا بلیک بیری میڈیا کو دے دیں، ہماری بہن نے غیرت کا ثبوت دیا ہے ۔ حنیف عباسی کی میڈیا سے گفتگو

 
0
302

اسلام آباد :اگست2(ٹی این ایس) : سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستانی قوم کرب میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہاتھ جوڑ کر کہا تھا کہ بہن اور بیٹیوں کو جلسوں میں نہ بھیجیں۔ اگر کوئی الزام لگا تو میں نے فوری پریس کانفرنس کر کے اس الزام کو دھویا ہے۔ ہمیں والدین نے تمیز اور وضع داری سکھائی ہے۔ میری کسی بیٹی نے کبھی نہیں کہا کہ حنیف عباسی نے کوئی حرکت کی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا بلیک بیری میڈیا کو دے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بلیک بیری میں سے کچھ نہ نکلا تو میں خود عمران خان سے معافی مانگ لوں گا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہماری بہن عائشہ گلالئی نے غیرت کا ثبوت دیا ہے۔ میں عائشہ گلالئی بہن کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی نے کل جو کہا میں نے ڈیڑھ سال پہلے بتا دیا تھا۔عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ میں ان کے ترجمان کو بھی بر شرم کہہ رہا ہوں ۔

حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان پر 62 اور 63 توثابت ہو گئی ہے اب ان پر 64،65 اور 66 ثابت کرنی ہے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران اگر ہمت ہے تو اپنا بلیک بیری پیش کرو۔اگر کچھ نہ نکلا تو میں عمران خان کو سلام پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو شرم سے ڈوب کر مر جانا چاہئیے ۔ بے شرمو ! بیٹی کو کہتے ہو کہ کون سا میسیج آیا ہے؟ میں پی ٹی آئی کے ترجمان کو بھی بے شرم کہتا ہوں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ اور کہاکہ شیخ رشید بنارسی ٹھگ ہے جو کسی قسم کی عوامی تقریب کا حصہ بننا تو درکنار لیگی کارکنوں کے خوف سے باہر نہیں نکلتا۔ شیخ رشید یاد رکھو اگر سیاست کرنی ہے اپنی زبان کو لگام دو۔ تم اپنی حفاظت کے لیے چار پانچ افراد کو ساتھ ےلے کر چلتے ہو۔