پوری دنیا اسلاموفوبیا سے نمٹنے پر متفق ہوچکی ہے،او آئی سی اجلاس میں سو سے زائد قرار دادیں زیر بحث آئیں گی،مسئلہ کشمیر پر دینا کی توجہ مبذول کرائیں گے، شاہ محمود قریشی

 
0
117

اسلام آباد 19 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری دنیا اسلاموفوبیا سے نمٹنے پر متفق ہوچکی ہے،او آئی سی اجلاس میں سو سے زائد قرار دادیں زیر بحث آئیں گی۔مسئلہ کشمیر پر دینا کی توجہ مبذول کرائیں گے۔وہ ہفتہ کو وزارت خارجہ میں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے سرکاری ترانہ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چند ماہ میں دوسری مرتبہ امت مسلمہ کی میزبانی کر رہا ہے جو اعزاز کی بات ہے۔یہ اجلاس اس لئے بھی منفرد ہے کہ یہ پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر منعقد ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے وزراء خارجہ 23مارچ کو پریڈ میں شریک ہوں گے ۔غیر ملکی مہمان ہماری ثقافت اور اس دن جو قومی یک جہتی کا مظاہرہ ہو رہا ہے،اس کا مشاہدہ کرینگے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کیلئے وزارت اطلاعات ونشریات کی بہت کاوشیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب کہ امت مسلمہ کو مسئلہ فلسطین اور کشمیر سمیت متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے جب کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل پہلے سیے زیادہ اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔افغانستان میں بھی انسانی بحران جاری ہے۔ان چیلنجوں سے نمٹنے کی غرض سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا کی توجہ مبذول کرائیں گے،۔او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے لیے جاری کردہ ترانے کو معروف گلوکار علی ظفر نے گایا اور دوبارہ بنایا ہے اور ویڈیوالکریم بیگ نے تیار کی ہے۔ *