جسٹس فائز عیسیٰ کا آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے تشکیل دئیے گئے بینچ پر تحفظات کا اظہار

 
0
308

اسلام آباد 23 مارچ 2022 (ٹی این ایس): سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس کو 3 صفحات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے تشکیل دیے گئے 5 رکنی بینچ میں ایسے جج شامل ہیں جو عدالت کی سنیارٹی لسٹ میں چوتھے، آٹھویں اور تیرہویں نمبر پر ہیں۔

یہ عمل مقدمات میں اہم آئینی سوالات شامل ہونے کی صورت میں چیف جسٹس کی صوابدید سے پیشرووں کی جانب سے سب سے سینئر ججوں پر مشتمل بینچوں کی تشکیل کے بہتر طریقہ کار کو ترک کر کے کیا گیا۔

خط میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کی درخواست کو آرٹیکل 186 کے تحت صدارتی ریفرنس کے ساتھ ساتھ نہیں سنا جاسکتا جس میں صدر نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح پر رائے کی استدعا کی تھی۔

خط میں مزید کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت اصل دائرہ اختیار اور آرٹیکل 186 کے تحت مشاورتی دائرہ اختیار بالکل مختلف ہیں اس لیے اس کی ایک ساتھ سماعت نہیں ہو سکتی۔

خط میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ لہٰذا موجودہ بینچ کا آئین میں کوئی قابل فہم معیار نہیں ہے، یہ سب سے زیادہ پریشان کن ہے اور اس نے غیر ضروری اور قابل احتراز بدگمانیوں کو جنم دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آئین سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کو تسلیم کرتا ہے اور سینیارٹی کے ساتھ ذمہ داری بھی آتی ہے، جس سے چھیڑ چھاڑ نہیں کی جانی چاہیے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ سینئر ترین جج سپریم کورٹ کے ایک ادارے کے طور پر تسلسل کو بھی یقینی بناتے ہیں لیکن اس طرز عمل کو ترک کر دیا گیا جس کے ادارے پر منفی نتائج ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے بھیجے گئے ریفرنس پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔

سماعت (کل) جمعرات کو شروع ہوگی، لارجر بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔

پیر کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس نے اس معاملے کو ایک ساتھ سننے کے لیے ایک بڑا بینچ تشکیل دینے کا اشارہ دیا تھا۔

سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر قانون سازوں کو ووٹ میں حصہ لینے سے روکنے کے حکومت کے ارادے کے خلاف حکم امتنیٰ طلب کیا ہے۔

پیر کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ وہ ایس سی بی اے کے وکیل منصور عثمان اعوان اور تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والی سیاسی جماعتوں کے وکیل کی جانب سے اٹھائے گئے اس معاملے کو سننے کے قائل نہیں ہے جس کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے 25 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس 14 روز کی مقررہ مدت سے 3 روز بعد طلب کرکے آئین کی خلاف ورزی کی ۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں ہماری توجہ اسپیکر کے جاری کردہ حکم کی جانب مبذول کرائی گئی لیکن ہم اس معاملے کو اٹھانے کے قائل نہیں ہیں کیونکہ یہ عدالت کے سامنے نہ صرف ایس سی بی اے کی پٹیشن کے حوالے سے اٹھائے گئے آئینی تشریح کے سوالات کے ضمن میں تھا بلکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بھی آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس دائر کیا گیا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ ایسی کسی بھی صورتحال میں آئین اس معاملے کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حکم دیتا ہے۔