تحریک عدم اعتماد، وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو ہدایات جاری کردی

 
0
109

اسلام آباد 29 مارچ 2022 (ٹی این ایس): تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی چیئرمین ارکان اسمبلی کو ہدایات جاری کردی۔

تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز کوئی رکن اسمبلی نہیں جائے گا۔

مراسلے کے متن کے مطابق ووٹنگ کے دوران کوئی رکن پارلیمنٹ میں موجود نہ ہو، کوئی رکن پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔

عمران خان نے مراسلے میں کہا کہ ہدایات کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوگا، ذرائع کا بتانا ہے کہ ہدایت نامہ تمام پارٹی ارکان کو انفرادی طور پر ارسال کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے اور اب 31 مارچ یا اس کے بعد کسی بھی دن تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔