ہم ان چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف آخری سانس تک لڑیں گے، شیخ رشید

 
0
82

اسلام آباد 08 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمیں یک زبان ہوکر مستعفیٰ ہوجانا چاہیے اور باہر نکل کر قوم کو بتانا چاہیے کہ ان کے اصل چہرے کیا ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اگرکوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ ہم ہتھیار پھینکنے جارہے ہیں تو نہیں جناب، ہم ان چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف آخری سانس تک لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان صاحب کو کل کہہ چکا ہوں، ابھی بھی کہوں گا کہ آخری آپشن ہمارے پاس یہ ہے کہ ہم استعفیٰ دے دیں کیونکہ ان چوروں کے ساتھ ملک نہیں چل سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: حلقہ بندیوں کیلئے چھ سے سات ماہ چاہییں، چیف الیکشن کمشنر

شیخ رشید نے کہا کہ غیرملکی طاقتیں جو ہماری آزادی اور خودمختاری سلب کرکے اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہیں ان شا اللہ انہیں شکست ہوگی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ گھڑی دو گھڑی کی ہارجیت کا مسئلہ نہیں ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہر کوئی بے نقاب ہوگیا ہے، تمام طاقتیں بے نقاب ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے ان شا اللہ اچھے فیصلے آئیں گے، شام کو عمران خان خطاب بھی کریں گے، میں 3 مہینے پہلے کہتا تھا کہ استعفیٰ دے دو۔

شیخ رشید نے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ مسئلے کیا ہیں جب میں کہتا تھا کہ نئے الیکشن کرادو اسمبلی توڑ دو، میں اس وقت بھی ٹھیک تھا جب میں کہتا تھا کہ ایمرجنسی لگادو، میں اس وقت بھی ٹھیک تھا جب میں کہتا تھا کہ گورنر راج لگادو۔

انہوں نے کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ ہمیں یک زبان ہوکر مستعفیٰ ہوجانا چاہیے اور باہر نکل کر قوم کو بتانا چاہیے کہ ان کے اصل چہرے کیا ہیں، یہ کرائے کے ٹٹو ہیں، یہ وہ سامراجی سنڈیاں ہیں جو اس ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کو کھائیں گے، اس کا صرف ایک ہی حل ہے، قوم کو بھی سب سمجھ آچکی ہے۔