اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے ڈی سیل کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا

 
0
115

اسلام آباد 17 اپریل 2022 (ٹی این ایس): نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے ڈی سیل کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

نومنتخب اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا اور وہ اسپیکر قومی اسمبلی کی کرسی پر براجمان ہوگئے۔ ان کے اسپیکر منتخب ہونے کے اعلان پر گیلریز میں موجود مہمانوں نے زبردست نعرے بازی کی۔

نومنتخب اسپیکر راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کے مرد حُر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا ممنون ہوں، میں قائد ایوان و وزیراعظم سمیت پارلیمانی رہنماؤں کا بھی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھے اس منصب کے لیے اہل سمجھا۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایک سابق وزیراعظم اسپیکر قومی اسمبلی بنا ہے، میں رب ذوالجلال کے سامنے سر کو جھکاتا ہوں، جس نے ایک ادنی بندے کو باوقار عہدے پر بٹھایا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدرات پینل آف چئیر سردار ایاز صادق نے شروع کی، اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے صرف راجا پرویز اشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جس کے بعد پینل آف چیئر نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کا بطور اسپیکر قومی اسمبلی اعلان کرتا ہوں۔ ایاز صادق نے راجا پرویز اشرف کا بحثیت اسپیکر قومی اسمبلی عہدہ کا حلف لیا۔

اسپیکر کا استعفی ڈی سیل کرکے پیش کرنے کا حکم

بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے ڈی سیل کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ استعفیٰ ڈی سیل کرکے مجھے دیں تاکہ میں قانون اور آئین کے مطابق انہیں دیکھ سکوں۔

پارلیمنٹ کا میڈیا سینٹر کھولنے کا حکم

مسلم لیگ (ن) کی رکن مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی اسمبلی کا میڈیا سینٹر گزشتہ چار سال سے بند ہے، پونے چار سال میڈیا بھی زیر عتاب رہا، پی آر اے کا بھی مطالبہ رہا ہے کہ میڈیا سینٹر کھولا جائے، فاشسٹ رویے کے خلاف ہم نے مل کر جدوجہد کی، پارلیمنٹ لاجز کو بھی میڈیا کے لیے کھولا جائے۔

اسپیکر راجا پرویز اشرف نے پارلیمنٹ کا میڈیا سینٹر کھولنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو ہدایت کرتا ہوں کہ میڈیا سینٹر کو میڈیا کے لیے فوری کھولا جائے۔