لاہور ہائی کورٹ، مذہبی عقائد سے متعلق جرائم کی تفتیش کیلئے اصول وضع

 
0
94

لاہور ہائیکورٹ نے مذہبی عقائد سے متعلق جرائم کی تفتیش کیلئے اصول وضع کردیے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہری پر میانوالی کے تھانے میں گستاخی کا مقدمہ خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ 11صفحات کے تحریری فیصلے کو عدالتی نظیر قرار دیا گیا ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے ذہنی حالت پر شک کی صورت میں پولیس کو مجاز فورم سے ملزم کی نفسیاتی تشخیص کرانی چاہیے، اکثر ہوتا ہے کہ گستاخی کے ملزمان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہوتی۔تحریری فیصلے کے مطابق پاکستان میں قانون ذہنی بیمار افراد کا تحفظ کرتا ہے، ذہنی بیمار افراد کو سزا سے بچانا چاہیے اور ان کا علاج ہونا چاہیے۔عدالت نے پولیس افیسر کو تفتیش کرتے وقت ملزم کی ذہنی حالت درست ہونے کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کردی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ فیصلے کی کاپی آئی جی پنجاب کو بھی بھجوائیں تاکہ فیصلے کی روشنی میں اقدامات کیے جاسکیں۔واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ میانوالی پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔