عوام کی بارود سے بھری نظریں چوروں کا پیچھا کر رہی ہیں : شیخ رشید

 
0
100

اسلام آباد 27 اپریل 2022 (ٹی این ایس): پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چور چور ہوتا ہے چاہے وہ مکہ مدینہ ہی کیوں نہ چلا جائے۔

شیخ رشید نے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ کم و بیش 100 ملزم، منی لانڈرر اور کیسوں میں مطلوب چارٹرڈ طیاروں میں اور اسٹینڈ بائی 777 جہاز کے انتظامات کے ساتھ سعودی عرب جا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ علماء کرام ہی بتا سکتے ہیں کہ اس عمرے کی دینی، آئینی اور قانونی حیثیت کیا ہوگی لیکن عمرے پر موجود پاکستانیوں کے امپورٹڈ حکومت کے بارے میں نفرت بھرے جذبات ان کی آنکھوں میں دیکھے اور زبان سے ٹی وی پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ چور چور ہوتا ہے چاہے مکہ مدینہ کیوں نہ چلا جائے، عوام کی بارود سے بھری نظریں چوروں کا پیچھا کر رہی ہیں، عنقریب اللہ خیر کرے گا اور قوم جلد خوشخبری سنے گی۔