نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور سی ای اوکی بہاولپور اور ملتان میں عملے سے ملاقات

 
0
1352

کراچی اگست 3.(ٹی این ایس )نیشنل بینک آف پاکستان کے صدراور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے بہاولپور اور ملتان کا دورہ کیا اور ٹاؤن ہال میٹنگوں میں شرکت کی تاکہ عملے کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ان کے خطاب کا موضوع ادارے کی ترقی کے لیے ملازمین کے ساتھ تعلقات کے قیام کی اہمیت تھا۔بہاولپور میں ٹاؤن ہال میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سعید احمد نے کہااین بی پی میں ملازمین کی بہبود کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اور ہم ملازمین کی خوشی اور کسٹمر کے اطمینان کے درمیان تعلق کو بھی سمجھتے ہیں جس سے مجموعی طور پر ادارے کو کامیابی ملتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت اس سال این بی پی، ملازمین کی بہبود کے لیے متعدد اقدامات شروع کرے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’ادارے میں جاری ری اسٹرکچرنگ کا مقصد فیلڈ اسٹاف کو بااختیار بنانا، لائن منیجرز اور ماتحت عملے کے درمیان تعلقات کاقیام اور کسٹمر سروس کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ کاوشیں پورے ادارے میں ریوارڈ کلچر کومضبوط بنائیں گی جویقیناًاین بی پی کوبھی انڈسٹری میں قائدانہ پوزیشن تک لے کر جائیں گی۔‘‘صدر اور سی ای اوکے طور پر این بی پی کا چارج سنبھالنے کے بعد سعید احمد نے کانفرنسوں، فوکس گروپ سیشنوں اور ٹاؤن ہال میٹنگوں کے ذریعے فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کے ساتھ تعلقات کے قیام کا مسلسل سفر شروع کیا ہے ۔یہ سیشن ایسے پلیٹ فارم کا کام کرتے ہیں جن کے ذریعے فیلڈ اسٹاف کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور انہیں حل کرنے میں مدد ملتی ہے اور اسی کے ساتھ کنٹرولنگ اور فیلڈ دفاترکے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے اور ملازمین کا حوصلہ بلند کرنے میں مدد ملتی ہے۔صدر کا دورۂ بہاولپور ملازمین کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ پہلا موقع ہے جب این بی پی کے کسی صدر نے شہر کا دورہ کیا ہے ۔ٹاؤن ہال میٹنگ کے انعقاد سے قطع نظر، این بی پی کے صدر نے بہاورلپور میں این بی پی کی ایک شاخ کے لیے نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر صدر نے بینک اور مجموعی طور پر بینکاری کی صنعت کے لیے ایک ویژن بھی فراہم کیا۔انہوں نے بتایا کہ این بی پی بہاولپور اور ملتان کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور ان شہروں کے صنعتی، ایس ایم ای اور زرعی شعبوں میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے لوگوں کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ این بی پی اپنے بلاشاخ بینکاری کے ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے تاکہ اسٹیٹ بینک کے ویژن کے مطابق بینکاری کی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے والے اور محروم دونوں طبقوں کے درمیان فاصلے کو کم کیا جا سکے۔ انہو ں نے اس بات کا تذکرہ بھی کیا کہ اسلامی بینکاری کو بھی این بی پی کے ایجنڈے پر بہت اہمیت حاصل ہے اور اس کے لیے نئی پروڈکٹس اور سروسز تیار کی جارہی ہیں تاکہ اس طبقہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔نیشنل بینک پاکستان کے تیسرے بڑے اسلامی بینک ’اعتماد‘ کونیٹ ورک کے اعتبارسے تیسرا بڑا نام بنانا چاہتا ہے۔این بی پی سیکھنے والا ادارہ ہے اور یہاں ملازمین کے درمیان سیکھنے اور ترقی کرنے کو بہت اہمیت دی جاتی ہے تاکہ وہ مسابقت پر قابو پا سکیں۔تمام گریڈز اور جاب فنکشنز سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے لیے اسپشلائزڈ ٹریننگ پروگرام تیار کیے گیے ہیں تاکہ وہ نئی مہارتیں سیکھ سکیں اور اسے ادارے کی کامیابی کے لیے استعمال کر سکیں۔