پنجاب پولیس کی آبیاری میں چودہ سو سے زائد شہدا کا خون شامل ہے ، قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے‘کیپٹن (ر) عارف نواز

 
0
643

لاہور اگست 3.(ٹی این ایس ) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی آبیاری میں چودہ سو سے زائد شہدا کا خون شامل ہے اور ہم ہرگز اس خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، شہداء پنجاب پولیس کا فخر ہیں جن کی قربانیاں پولیس فورس کیلئے مشعل راہ ہیں،دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں ہمارا ہر جوان اور افسر شوق شہادت کے جذبے سے سرشار ہے اور عوام کی جان، مال و عزت کی حفاظت کیلئے ہر لمحہ سر بکف ہے ۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار شہداء کی یاد میں لبرٹی چوک پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ امین وینس کے علاوہ پولیس افسران کی بڑی تعداد سمیت سول سوسائٹی، اساتذہ،وکلاء، خواتین اور بچوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد بھی شریک ہوئے۔ آئی جی پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ دہشتگردوں اور سماج دشمن عناصر کی طرف سے پنجاب پولیس کو مسلسل نشانہ بنانے کے باوجود فورس کے عزم و حوصلے میں ذرہ برابر کمی نہیں آئی بلکہ شہداء کی قربانیوں نے جوانوں اور افسروں کو ایک نیا جوش اور ولولہ عطا کیا ہے ۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ میں شہداء کی فیملیز ہمارے خاندان کا حصہ ہیں اور میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ان کے مسائل میرے ذاتی مسائل ہیں اور انہیں حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہوں گا، شہداء کے بچوں کی تعلیم اور انہیں ایک با وقار شہری بنانے کے حوالے سے محکمہ پولیس ان کی بھرپور مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ویلفئر آئی کے نام سے ایک نیا سافٹ ویئر متعارف کروایا جا رہا ہے جس کی بدولت شہداء فیملیز گھر بیٹھے ایک ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے مسائل مجھ تک براہ راست پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور آج کی تقریب میں عوام کی بھرپور شرکت پنجاب پولیس پر اعتماد کی علامت ہے۔تقریب کے دوران پنجاب پولیس کا بینڈ خوبصورت دھنیں بکھیرتا رہا جبکہ تقریب کے اختتام پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔