سعودی عرب میں چاند نظر نہ آیا، عید الفطر 2 مئی کو منائی جائے گی

 
0
416

سعودی عرب 30 اپریل 2022 (ٹی این ایس): سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو منائی جائے گی۔

حریمین شریفین کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ شوال 1443 کا چاند نظر نہیں آیا، کل رمضان المبارک کا 30 واں روزہ ہو گا، اور عید الفطر 2 مئی 2022ء کو ہو گی۔دوسری طرف لیبیا میں چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد عید الفطر پیر کو منائی جائے گی۔

لیبیائی حکام کے مطابق یکم مئی کو آخری روزہ ہو گا اور دو مئی کو عید الفطر منائی جائے گی۔اُدھر آسٹریلوی فتویٰ کونسل نے اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم مئی 2022ء کو رمضان المبارک کا آخری روزہ ہو گا اور عید الفطر دو مئی 2022ء بروز پیر کو منائی جائے گی۔

مزید برآں سنگا پور میں بھی عید کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں پر عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ مسلمانوں کے لیے عید الفطر اہم مذہبی تہوار ہے جسے دنیا میں بسنے والے مسلمان رمضان کا مہینہ ختم ہونے پر مناتے ہیں۔ عید کے دن مسلمانوں کو روزہ رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ مسلمان رمضان کے 29 یا 30 روزے رکھنے کے بعد یکم شوال کو عید مناتے ہیں۔ کسی بھی قمری ہجری مہینے کا آغاز مقامی مذہبی رہنماؤں کے چاند نظر آجانے کے فیصلے سے ہوتا ہے۔