لندن بیٹھک ، آئین شکن عناصرسے آئین اور قانون کے مطابق نمٹنے کا فیصلہ

 
0
121

اسلام آباد 11 مئی 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس کی پہلی نشست آج ہوئی ،موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے سنگین معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پرقائد محمد نوازشریف کوتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

لندن میں ہونے والی حکومتی بیٹھک کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی ٹیم نے موجودہ معاشی حقائق سے قائد محمد نوازشریف کو آگاہ کیا حکومتی ٹیم نے بتایا کہ عوام کو مہنگائی کے اضافی مزید بوجھ سے بچانے کے لئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیاگیا ،توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کے پیدا کردہ سنگین بحران، لوڈشیڈنگ، تیل اور ایل این جی نہ منگوانے کی تفصیلات بیان کی گئیں، اجلاس نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلانے اور ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا،

اجلاس نے حکومت آنے کے بعد سے اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا، حکومتی ٹیم نے معاشی حقائق کی روشنی میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں اپنی آراپیش کیں، اجلاس نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس نے 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا ،اجلاس میں اتفاق رائے پایاگیا کہ آئین شکن عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے، آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لئے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی، قائد محمد نوازشریف کی زیر صدارت حتمی فیصلوں کے لئے کل پھر اجلاس ہوگا ،کل کے اجلاس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی ،ملک کو معاشی، آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لئے کل حتمی فیصلوں کا اعلان ہوگا،تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی تائید و حمایت سے کیا جائے گا۔