عمران خان 4 سال کی بربادی کا حساب دیں، مریم نواز

 
0
103

اسلام آباد 12 مئی 2022 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی شکل میں پاکستان کے خلاف سازش ہوئی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال کی بربادی کی ذمہ داری 4 ہفتے کی نئی حکومت پر ڈالی جا رہی ہے۔ انہیں 4 ہفتے میں مہنگائی نظر آنا شروع ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے اطراف کے لوگ چور ہیں، عمران خان وزیر اعظم رہے وہ 4 سال کا حساب دیں یہ چار سال کی کارکردگی پر 4 سیکنڈ بات نہیں کرتے۔ اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو مجھے سزا دیں لیکن نیب آج تک ثبوت پیش نہ کر سکا جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی استدعا کی گئی تھی اور اپیل کو شروع ہوئے ایک سال ہونے کو ہے لیکن نیب اسے طویل کر رہا ہے۔

کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں کہا جا رہا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہیے لیکن اب نیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ کبھی نیب کو کورونا ہو جاتا ہے لیکن اصل میں ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں کیونکہ اگر ثبوت ہوتا تو 10 ماہ میں وہ عدالت میں پیش کرتے اور آج بھی سماعت میں وکیل نہیں آئے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جسٹس اطہر من اللہ سے درخواست ہے اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو سزا دیں لیکن کسی کو اجازت نہیں دوں گی کہ اس طرح مریم بنام اسٹیٹ کی آوازیں لگیں۔ شواہد پیش کرنے کی بات آتی ہے تو نیب پتلی گلی سے نکل جاتی ہے۔ نیب کیس کو جان بوجھ کو لٹکا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپ کے پاس میرے خلاف ثبوت نہیں تو عدلیہ نیب کی اس زیادتی کا نوٹس لے اور اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو عدالت میں پیش کریں۔ نیب اگر ثبوت نہیں لاسکا تو اسے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں پاکستان کے خلاف سازش ہوئی۔ جتنی عمران خان نے پاکستان کے خلاف سازش کی اتنی تو پوری دنیا کے ممالک بھی نہیں کر سکتے۔ ان کی کارکردگی نہیں ہے اس لیے خط اور سازش کی ضرورت پڑتی ہے۔ جس شخص نے دوست ممالک کو دشمنی میں دھکیل دیا وہ تو ملک کے لیے خطرناک ہی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی ہی لائی ہوئی مہنگائی کے خلاف پریس کانفرنس کر رہے ہیں اور اب ڈالر پر بات کرتے ہیں، پہلے 189 پر ڈالر کا جواب تو دیں۔ لوگ جانتے ہیں مہنگائی آپ کی وجہ سے ہے اور جب کسی اناڑی کو لاکر بٹھایا جاتا ہے تو وہ یہی کرے گا۔ عمران خان نے جاتے جاتے پاکستان کے دیگر ممالک کے تعلقات کو آگ لگائی۔