ہم پولیٹیکل انجینئرنگ پر یقین نہیں رکھتے، پہلے اصلاحات پھر انتخابات ہوں گے، بلاول بھٹو

 
0
205

اسلام آباد 12 مئی 2022 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم پولیٹیکل انجینئرنگ پر یقین نہیں رکھتے، پہلے اصلاحات پھر انتخابات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پر حملوں کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کے یکطرفہ اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آبادی کو تبدیل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کی گئی اور بھارت نے 5 اگست کے بعد غیر کشمیریوں کی آباد کاری شروع کی۔ بھارت کے ان اقدامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں جن کی مذمت کرتے ہیں اور بھارت کے خود ساختہ کمیشن کو مسترد کرتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نئی حد بندیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔ جموں کی نشستوں میں اضافہ کیا گیا لیکن مقبوضہ کشمیر میں صرف ایک نشست بڑھائی گئی۔ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ بلا کر سخت احتجاج کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے یہ معاملہ بار بار اٹھاتے رہیں گے۔ ایوان اس معاملے پر متفقہ قرارداد منظور کرے گا اور ہندو اقلیت کو اکثریت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔