پیمرا کی ٹی وی چینلز کوریاستی اداروں (فوج اور عدلیہ) کے خلاف ہرزہ سرائی اور نفرت انگیز موادنشر کرنے پر تنبیہ

 
0
118

اسلام آباد 16 مئی 2022 (ٹی این ایس): پیمرا نے نیوز وکرنٹ افیئرز چینلز پر پروگراموں، ٹاک شوز اورمختلف عوامی ریلیوں اور جلسوں کی براہ راست کوریج کے دوران ریاستی اداروں بالخصوص عدلیہ اور فوج کے خلاف منفی، توہین آمیز اور نفرت انگیز مواد نشر کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو متنبہ کیا ہے کہ ریاستی اداروں بالخصوص عدلیہ اور فوج کی تضحیک سے باز رہیں اور پیمرا قوانین اور اس ضمن میں جاری شدہ عدالتی حکم ناموں کی من وعن پاسداری کریں۔

یاد رہے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ٹی وی چینلز کو بارہا مختلف ہدایت ناموں کے ذریعے تاکید کرتا رہا ہے کہ پیمرا قوانین اور عدالتی حکم ناموں کی پیروی کریں تاہم گذشتہ چند ہفتوں سے چینل نشریات میں اس حوالے سے کافی تشویش ناک مواد نشر کیا گیاجوکہ سراسر ریاستی اداروں کی ہرزہ سرائی اور توہین کے زمرے میں آتا ہے اور ریاستی اداروں کے خلاف بادی النظر میں پراپیگنڈا ہے۔

پیمرا نے ایک بار پھر تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو سختی سے ہدایات کیں ہیں کہ وہ اپنی نشریات آن ایئر کرنے بالخصوص عوامی جلسوں، ریلیوں کی کوریج کرتے ہوئے مؤثر تاخیری نظام وضع کریں اور الیکٹرانک میڈیا (اشتہارات و پروگرامز) ضابطہئ اخلاق 2015ء کے تحت غیر جانبدار اور آزاد ادارتی بورڈ تشکیل دیں۔ اتھارٹی نے سیٹلائٹ چینلز کو مزید خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اپنے پلیٹ فارم پر کسی بھی ریاستی ادارے بشمول عدلیہ اور مسلح افواج کے خلاف کسی بھی طرح کا توہین آمیز مواد نشر کرنے سے گریز کریں۔

تمام چینلز کو حتمی طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی دانستہ /غیردانستہ غلطی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002ترمیم شدہ پیمرا(ترمیمی)ایکٹ 2007کی شق 27کے مطابق بغیر نوٹس پروگرام/ٹاک شوکی بندش، شق 29کے تحت دس لاکھ تک کا جرمانہ اور شق 30کے تحت لائسنس کی معطلی یا منسوخی اور نشریات کی بندش جیسی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا ئیں گی۔