اسلام آباد 25 مئی 2022 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کے اعلان کیلئے 6 روز کی مہلت دے دی۔
جناح ایونیو اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کے جذبوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 20گھنٹے میں پختونخوا سے یہاں پہنچا ہوں، میں نے دیکھا قوم خوف سے آزاد ہوگئی ہے، حکومت پولیس تشدد، جھوٹے کیسز اور موت سے ڈراتی تھی، ہمیں سالوں سے خوفزدہ کیا جاتا ہے۔
ہمیں خوفزدہ کیا جاتا ہے کہ جب تک امریکہ نہ چاہے کوئی اقتدار میں نہیں آسکتا، سارے راستوں میں میں نے ہر طرح کے لوگ دیکھے، نوجوان ،ضعیف، پڑھے لکھے ہرطرح کے لوگوں کو دیکھا،ہمیں ممی ڈیڈی پارٹی کہتے تھے، جس طرح آنسو گیس اور شیلنگ سے مقابلہ کیا سب نے دیکھا، آزادی تحریک کو ناکام کرنے کے لئے ہر طرح کے حربے استعمال کئے، میں اب اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں قوم حقیقی آزادی کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔
تمام لوگوں نے ہماری آزادی تحریک میں حصہ لیا، سب متفق ہیں کہ ہم اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، امریکی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کیا ہے،قوم مجرموں کو اس ملک میں حکومت کرنے نہیں دے گی، آدھی سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے، موجودہ وزیر اعظم کو سزا ہونی تھی، جسے سزا ہونی تھی اسے سب سے بڑے عہدے پر بٹھایا گیا اور اس کے بیٹے کو وزیر اعلی بنا دیا گیا، اس سے بڑی اس قوم کی توہین کیا ہوگی۔
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کس ملک میں ایسا ہوتا ہے کہ پر امن احتجاج والوں پر آنسو گیس پھینکی جائے، اٹک اور راوی پل پر ہمارے دو کارکنوں کو شہید کیا گیا، کراچی میں تین کارکنوں کو شہید کیا گیا، مجھے بتایا جائے میں نے کب قانون توڑا ہے۔













