بحریہ ٹاؤن راولپنڈی سے ایک ہفتے قبل اغوا ہونے والی بچی کو تاوان دے کر رہا کرا لیا گیا

 
0
596

راولپنڈی اگست04 (ٹی این ایس )بحریہ ٹاؤن راولپنڈی سے ایک ہفتے قبل اغوا ہونے والی بچی کو تاوان دے کر رہا کرا لیا گیا، ذرائع کے مطابق سات سالہ بچی کو 28 جولائی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے بحریہ ٹاؤن راولپنڈی سے گھر کے باہر سے اغوا کیا تھا۔بچی کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں سے بچی کی رہائی کے لیے معلومات دینے اور مدد کی اپیل کی تھی، جبکہ اس کے والد کی درخواست پر تھانہ لوھی بھیر میں اغوا کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔بچی کی رہائی کی اس مہم نے سوشل میڈیا پر تو زور پکڑا لیکن گزشتہ روز تک بچی کی رہائی کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہ ہوسکی تاہم جمعہ کو بچی کی اس کے والدین کے ہمراہ سوشل میڈیا پر نئی تصاویر سامنے آئیں، جن میں یہ پیغام لکھا تھا کہ بچی بحفاظت گھر پہنچ گئی ہے۔ساتھ ہی بچی کے والدین نے اس کی بحفاظت رہائی کے لیے مسلسل مدد کرنے اور دعاؤں پر سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بچی کی رہائی 15 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی، تاہم اغوا کاروں سے متعلق تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔