عمران خان پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر گیا ہے، مریم نواز

 
0
225

اسلام آباد 31 مئی 2022 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا وطن اس وقت بہت مشکل میں ہے، ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، عمران خان پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر گیا ہے۔

ن لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم بہت اچھا کام کر رہی ہے، ملک کو پچھلے کئی سالوں میں بہت زخم لگے ہیں، گزشتہ حکومت نے سوائے انتقام کے کچھ نہیں کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ حکومت ہمارے لئے سرنگیں بچھا کر گئی ہے، عمران خان نے آئی ایم ایف سے پٹرول مہنگا کرنے کا معاہدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ملکی معیشت پرکاری ضرب لگائی گئی، یہ اتنالائق تھا کہ دوست ممالک کو دشمن کی صف میں پھینک دیا، عمران خان جو کر رہے ہیں وہ فساد ہے، اس کو روکنا جہاد ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ میں شامل لوگ مسلح تھے اس کا عمران خان نے بھی اعتراف کر لیا، جب سے لانگ مارچ ناکام ہوا عمران خان کے چہرےپر مایوسی ہے، جب آپ کے پاس اسلحہ تھا تو آپ کس نیت سے وفاق پر حملہ آور تھے۔

انہوں ںے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے بیان دیا کہ صوبے کی فورس کو استعمال کروں گا، وزیراعلیٰ کے بیان کا مطلب ہے کہ وہ پاکستان پرحملہ کرنا چاہتے ہیں،ایک شخص نے کرسی کی خاطر پختونوں کے بچوں کو بھگایا، جہاد تو ہر مسلمان پر فرض ہے۔

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر نے کہا کہ اپنے بچوں کو بھی بلواؤ اور جہادیوں کی فرنٹ لائن میں کھڑا کرو، ہم نیا ردا لفساد آپ کے خلاف لانچ کریں گے، عمران خان کی مسلح تحریک دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے، اس مسلح جدوجہد کا مقصد کیا ہے؟

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اور اس کی جماعت نے سیاسی جماعت کا نقاب اوڑھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسی جانے کی وجہ سے عمران خان کے سر پر بہت بری چوٹ لگی ہے، یہ کرسی واپس مانگ رہا ہے، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے پاکستان کے پاس پیسے نہیں ہیں، شہباز شریف دن رات کوشش کررہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ختم ہو۔