پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد

 
0
129

اسلام آباد 08 جون 2022 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سندھ حکومت جھوٹے نامعلوم مقدمات میں گرفتار کر کے آج سندھ اسمبلی بجٹ اجلاس میں شرکت سے روکنا چاہتی ہے، حفاظتی ضمانت دی جائے۔دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ عدالت پہلے ہی ایک مقدمہ میں تین ہفتے کی حفاظتی ضمانت دے چکی ہے، جس کے دوران ان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونا تھا۔ یہ عدالت سندھ ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں جا سکتی ہے۔ درخواست گزار کو سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہئیے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔