راولپنڈی،دسمبر 18 (ٹی این ایس): اڈیالہ جیل میں ٹریفک قوانین اور حادثات سے بچاؤ کی تدابیر سے متعلق آگہی فراہم کرنے کی غرض سے ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام آئی جی نیشنل ہائی وے کلیم امام اور موٹر وے پولیس کے روڈ سیفٹی یونٹ اسلام آباد ہیڈکورٹر نے کیا تھا۔ سمینار میں سینئیر سپرانٹنڈنٹ جیل سعیداللہ گوندل، ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ فرخ رشید، ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ شہزاد بخاری، دیگر افسران و جیل عملہ کے علاوہ اسیران بھی شریک تھے۔
اس موقع پر موٹر وے روڈ سیفٹی یونٹ کے سینئر پیٹرول آفیسرسہیل احمد اور اسٹیشن مینیجر کے پی آر او محمود علی کھوکھر نے اسیران وعملہ کو ملٹی میڈیا سلائڈز کے ذریعہ موٹر وے پر ڈرائیونگ کے اصول و ضوابط، قوانین، احتیاتی تدابیر، اور سائن بورڈز کے بارے میں آگہی دی۔
اس موقع پر اسیران سے متعلقہ سوالات بھی پوچھے گئے اور زیادہ معلومات رکھنے والے اسیران کو انعمات سے نوازا گیا۔
جیل عملہ اور اسیران میں موٹروے ٹریفک قوانین کے بارے میں آگہی سے متعلق پمفلٹ اور بک لیٹس بھی تقسیم کئے گئے اور اسبات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ جیل ھذا میں اس طرز کے معلوماتی سیمنار منعقد ہوتے رہیں گے۔
جیل انتظامیہ نے بیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کی اس کوشش کی سراہنا کی ۔ کسی جیل میں ٹریفک قوانین اور حادثات سے بچاؤ کے بارے میں معلومات سے متعلق آگہی کے لئے سیمنار کے انعقاد کا یہ پہلا موقع تھا۔