پر تشدد مظاہروں سے نمٹنے کے لئے  اسلام آباد پولیس میں ‘اینٹی رائٹ یونٹ’ کے قیام کا باقاعدہ آغاز ، وزیرِداخلہ نے 2000 نفری کی بھرتی کی منظوری دیدی، آئی جی کی ہدایت پر پہلے ہی 586 جوان و افسراں زیر تربیت

 
0
658

اسلام آباد دسمبر 18 (ٹی این ایس): پر تشدد مظاہروں سے نمٹنے کے لئے  اسلام آباد پولیس میں ‘اینٹی رائٹ یونٹ’ کے نام سے ایک نئی فورس کے قیام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے

پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلہ میں  وفاقی وزیرِ داخلہ پروفیسر احسن اقبال  نے دوہزار نفری پر مشتمل  فورس کے قیام کی منظوری دیدی ہے جو دو مراحل پر مبنی ہوگی۔خواتین اہلکاروں سمیت پہلے مرحلے میں ایک ہزار جوان بھرتی کئے جائیں گے۔

تاہم اس عمل سے قبل ہی اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل  ڈاکٹر سلاطان اعظم تیموری کے  خصوصی احکامات پر  سردست 586 افسران اور جوانوں پر مشتمل  اس فورس کی تشکیل دی جاچکی ہے جن کی تربیت پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں  ترکی سے تربیت یافتہ انسٹرکٹر کر رہے ہیں خواتین اہلکاروں کو الگ سے تربیت دی جارہی ہے۔

آئی جی تیموری نے گذشتہ روز  فورس کی تربیت کا جائزہ لینے کے لئے پی ایل ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا اور اس موقع پر زیرِ تربیت جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ایک  پیشہ ور پولیس فورس بننا چاہیئے جو اپنے کام سے بخوبی آگاہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ  یہ فورس ہر وقت پولیس لائن میں کسی بھی امن و امان کی ہنگامی  صورتحال میں فوری ردعمل ظاہر کرے گی۔ انھوں نے زیرِ تربیت خواتین و مرد اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر وقت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں اور میں سب سے آگے ہوں گا۔ اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہ یم نے دنیا کی بہترین فورس بن کے دکھانا ہے آئی جی اسلام آباد نے  کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کی فلاح و بہبود اور ذہنی و جسمانی فٹنس کا بھی خیال رکھا جائے گا۔