پاکستان کا روس سے سستی گندم خریدنے کا فیصلہ ،حکومتی سطح پر رابطہ کیا جائے گا

 
0
172

اسلام آباد 09 جون 2022 (ٹی این ایس): وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان نے روس سے گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے جلد معاملات سامنے آئیں گے،قومی اقتصادی سروے رپورٹ کے اجراء کے موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید خود کہہ چکے ہیں خان صاحب بارودی سرنگیں بچھا کر گئے، بارودی سرنگیں ریاست پاکستان کیلئے تھیں، پچھلی حکومت کو کورونا کے دنوں میں تیل کے لمبی مدت کے سودے کرنے چاہیے تھے، کورونا وبا کے بعد تیل گیس سستی ہوئی اور پچھلی حکومت نے اس کو مِس کیا، کورونا کے دوران جی 20 ممالک نے چار ارب ڈالر کی سہولت دی۔

انہوں نے کہا کہ گندم بھی آج امپورٹ کرنا پڑرہی ہے، روس سے گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سال 30لاکھ ٹن گندم درآمد کررہے ہیں، روس سے حکومتی سطح پر بات ہو گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سابق حکومت براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سوا ارب ڈالر پر لے آئی، چار سالوں میں 20 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا ، پی ٹی آئی حکومت میں معاشی شرح نمو منفی میں بھی گئی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 2018 میں ہم 1500 ارب روپے کے قرضوں پر ادائیگی کر رہے تھے، رواں مالی سال 3100 ارب روپے قرضوں کی ادائیگی کیلئے دیں گے، اگلے مالی سال 3900 ارب روپے قرضوں کی ادائیگی کیلئے دینے پڑیں گے۔