قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ میں پٹرول اخراجات میں 40 فیصد کٹوتی کا اعلان

 
0
124

اسلام آباد 10 جون 2022 (ٹی این ایس): سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کا پیٹرول پر اٹھنے والے اخراجات پر 40 فیصد کٹوتی کا فیصلہ ۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چئیر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں بجٹ اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے جاری اجلاسوں اور قانون سازی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات سے دوچار ہے، سیاسی قیادت کو مل کر اس بحران سے نکالنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، عوام کے نمائندے ہیں، ان کے تکلیف کو محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں، مشکل حالات میں کفایت شعاری کو اپنانا ناگزیر ہے، قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ میں پٹرول پر اٹھنے والے اخراجات میں 40 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا گیا۔پیٹرول کی مد میں 40 فیصد کٹوتی کا اطلاق اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ، و دیگر اعلی عہدیداران پر ہو گا۔ اس کٹوتی کا اطلاق دونوں ایوانوں کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور تمام افسران پر لاگو ہو گا۔