کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں کا احتجاج

 
0
213

کراچی 28 جون 2022 (ٹی این ایس): کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان شہری احتجاج پر مجبور ہوگئے، ماڑی پور میں 22 گھنٹے سے احتجاج جاری ہے جس کے سبب ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ احتجاج کے دوران ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔ مختلف علاقوں میں مظاہرین اورپولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر لیاری اوراس کے اطراف کے علاقوں کے مکین ہوئے جو سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ شہریوں کے احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ، حب ریور روڈ، آرسی ڈی ہائے وے، ایم ٹی خان، مائی کلاچی روڈ اوربوٹ بیسن تک ٹریلر، ٹرک ٹینکر سمیت گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

ماڑی پور میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا اورآنسو گیس کی شلینگ کی۔ متعدد شہریوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو ہٹانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی تاہم مظاہرین منشتر ہونے کے بعد پولیس جاتے ہی دوبارہ سڑک بند کردیتے ہیں۔

ماڑی پور روڈ پر احتجاج کے دوران ایک خاتون ہلاک ہوگئیں۔ ریسیکو ذرائع کے مطابق لیاری میں ہنگورآباد کی رہائشی 60 سالہ میرا بی بی کا انتقال مبینہ طور پر ماڑی پور میں احتجاج کے دوران ہوا۔ ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ خاتون کی عمر 70 سال تھی اوران کی موت طبعی طور پر ہوئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقے میں گزشتہ 12 گھنٹے سے بجلی بند ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔