نیپرا نے بجلی صارفین کے چھکے چھڑا دیئے ،فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

 
0
161

اسلام آباد 04 جولائی 2022 (ٹی این ایس): نیپرا نے شہریوں پر بجلی گرا دی، بجلی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا گیا ،خبرپڑھ کر عوام کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 9 روپے 66 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی، یہ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

نیپرا اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا، کے الیکٹرک کی جانب سے 11 روپے 34 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔

کے الیکٹرک حکام نے درخواست میں بتایا کہ کے الیکڑک نے 380 ارب روپے وصول کرنے ہیں، مئی میں پی ایل ایل کے کنٹریکٹرز ڈیفالٹ کر گئے تھے۔

نیپرا ہیڈ آفس میں درخواست کی سماعت کے دوران نیپرا کے ممبر رفیق شیخ نے سوال کیا کہ کے الیکڑک سستی بجلی ہوتے ہوئے کیوں نہیں لے رہا؟ سستی بجلی نہ لینے کی منطق ہمیں سمجھ نہیں آئی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کے الیکڑک کو سستی بجلی لینے کی ضرورت ہو تو ہم حاضر ہیں، ہم سستی بجلی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ مئی میں مارچ کی نسبت ایل این جی 50 فی صد، فرنس آئل 38 فی صد مہنگا ہوا، میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 52 کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا، کورنگی پلانٹ میں ڈیزل کی قلت سے 47 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔