اداکارہ و ہدایت کارہ شمیم آراء کی پہلی برسی منائی گئی

 
0
664

اسلام آباد  اگست 6(ٹی این ایس)۔ : پاکستانی فلم انڈسٹری کی متعدد فلموں میں اپنی شانداراداکاری سے مداحوں کومحظوظ کرنے والی اداکارہ و ہدایت کارہ شمیم راء کی پہلی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔اداکارہ و ہدایت کارہ شمیم آراء 1938 میں بھارت میں پیدا ہوئیں ان کا اصلی نام ’’پتلی بائی‘‘ تھا، انہوں نے اداکاری اورپھر ہدایت کاری کے ذریعے نہ صرف لاکھوں دلوں پر راج کیا بلکہ فلمی دنیا میں بھی اپنی محنت اور قابلیت کا لوہا منوایا۔

ان کی پہلی سپر ہٹ فلم ’’سہیلی‘‘ تھی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا بعد ازاں انہوں نے اپنی محنت کے بل بوتے پر درجنوں فلموں میں کامیابی سمیٹی جن میں انارکلی ، کنواری بیوہ، فرنگی، ہمراز، آگ کا دریا ، آنچل اور قیدی شامل ہیں، یہ فلمیں آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں، شمیم آرا نے اپنے دور میں ہر ہیرو کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی جوڑی چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔

انہیں کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان کی پہلی رنگین فلم ’’نائلہ‘‘ کا بھی وہ حصہ تھیں علاوہ ازیں انہیں پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جبکہ انہوں نے بہترین اداکاری پر 6 نگار ایوارڈ کے ساتھ بہترین ہدایتکارہ کے بھی 3 نگار ایوارڈ حاصل کیے۔ وہ گزشتہ سال 5 اگست کو طویل علالت کے بعد لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں لندن وہ اپنے بیٹے سلمان کریم مجید کے ساتھ رہائش پذیر تھیں تاہم وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔