ملک پر مسلط اسٹیٹس کی قوتوں اور عالمی استعمار کے غلاموں نے قائد اعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، امیر جماعت اسلامی

 
0
443

لاہور اگست6(ٹی این ایس ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط اسٹیٹس  کی قوتوں اور عالمی استعمار کے غلاموں نے قائد اعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ہے.جمہوریت آج پاکستان میں بچہ جمہورا بن چکی ہے .کچھ قوتیں متفقہ آئین کو متنازعہ بنا کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔منصورہ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن اور بد دیانتی نے قومی اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ سیاسی جماعتیں فیملی لمیٹڈ کمپنیاں بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات سے انحراف کر کے آدھا ملک گنوا دیا گیا۔ باقی ماندہ پاکستان غربت، جہالت، بدامنی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں ڈوباہواہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے نام پانامہ سکینڈل میں شامل ہیں ان سب کے لیے جے آئی ٹی بننی چاہیے۔ عوام ساتھ دیں، آئندہ انتخابات میں دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کا انتخاب کریں۔