پاک فوج ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کامیابیاں حاصل کرکے قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ

 
0
434

راولپنڈی اگست 6 (ٹی این ایس) آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے آپریشن خیبر4 میں پیشرفت پر اطمینان کااظہار اوراس میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاک فوج ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کامیابیاں حاصل کرکے قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، ہم عوام کے مکمل تعاون کے ساتھ ایک نارمل پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں ریاست کی عملداری (بالادستی) ہوگی اور کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا، آپریشن مکمل ہونے پر خیبر ایجنسی دہشت گردوں کے اثرورسوخ سے آزاد ہوجائیگی اور ٹی ڈی پی ایز کی واپسی اور ترقیاتی کاموں کیلئے سازگار ماحول میسر آئیگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر ایجنسی کی وادی راجگال کادورہ کیا۔ انہیں آپریشن خیبر4 کی پیش رفت پرتفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے 90 فیصد سے زائدعلاقہ کلیئرکرالیا ہے۔ آرمی چیف نے آپریشن میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارنہ مہارت بالخصوص پاک فضائیہ کی کم سے کم جانی نقصان کے ساتھ دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانوں کونشانہ بنانے پر پر تعریف کی۔

فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے کہ پاک فوج ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کامیابیاں حاصل کرکے قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے مکمل تعاون کے ساتھ ایک نارمل پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہوگی اور کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا۔ امن قائم ہونے کے بعدقبائلی اور دور دراز کے علاقے ملک کی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ اس سے قبل کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ایف سی خیبرپی کے نارتھ میجر جنرل شاہین مظہر محمود کمانڈر خیبر 4 آپریشن نے آرمی چیف کا علاقے میں پہنچنے پر استقبال کیا۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرامن پاکستان میں ریاست کی عملداری اور قانون کی بالادستی سب سے اوپر ہوگی، ہر پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریگا۔

آرمی چیف نے کہا اللہ کی رحمتوں پر شکر ادا کرتے ہیں جس نے پاک فوج کو ملک سے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیابیاں دے کر قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے قابل بنایا۔ آپریشن کی تکمیل سے خیبر ایجنسی دہشت گردوں کے اثر سے پاک ہوجائیگی اور عارضی بے گھر افراد کی واپسی اور ترقیاتی کام ممکن ہوسکیں گے۔