آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی زیر صدارت سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی کے حوا لے سے اجلاس

 
0
550

لاہور 4 دسمبر (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین اور شہریوں کا تحفظ فراہم کرنا سپیشل پروٹیکشن یونٹ(ایس پی یو) کی بنیادی ذمہ داری ہے ،ا س سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ، غفلت یا غیر پیشہ ورانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آئی جی ایس پی یو سمیت دیگرافسران ہیڈ کوارٹرز سے صوبے کے مختلف اضلاع میں حساس ورکنگ سائٹس اور پراجیکٹس کے وزٹ کریں ، تعینات اہلکاروں کی پرفارمنس اور دستیاب وسائل کی تفصیلی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر چائنیز سمیت غیر ملکی شہریوں کے این او سی اور ویزوں کی مدت ختم ہوچکی ہے اور وہ تاحال پاکستان میں قیام کر رہے ہیںتو انکی رپورٹس فوری طور پر ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مہیا کی جائے ۔ انہوں ڈی آئی جی ایس پی یو کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ ایس پی یوپنجاب پولیس کی انتہائی اہم آپریشنل فورس ہے جس کے اہلکارسی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین اور سرمایہ کاروں کی حفاظت کے فرائض سر انجام دے رہے ہیںلہذا تمام افسران و اہلکار بھرپور محنت ، لگن اور جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی اداکریںجبکہ ایس پی یو اہلکاروں کی استعداد کار میںمزید اضافے کیلئے جدید خطوط پر تربیتی کورسز اور ٹریننگ ورکشاپس کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی اور ورکنگ سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔دوران اجلاس ڈی آئی جی ایس پی یو عمر شیخ نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ انتہائی حساس پراجیکٹس پر سیکیورٹی کیلئے ایس پی یو اہلکاروں کو عصرحاضر کے تقاضوں کے مطابق جدیدترین پیشہ ورانہ تربیت دلائی گئی ہے تاکہ چینی ماہرین سمیت دیگر غیر ملکیوں کی حفاظت میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔
انہوں نے مزیدبتایا کہ اس وقت سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکارسی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والی4000غیر ملکی ماہرین اور نارووال میں کرتارپور راہداری پر روزانہ آنے والے 2000سکھ یاتریوں کو جانفشانی سے سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ صوبے بھر میںسی پیک سمیت مختلف پراجیکٹس کی مجموعی تعداد31ہے جہاں 6500سے زائد ایس پی یو اہلکار غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ورکنگ سائٹس پر کام کرنے والے اہلکاروں کی تفریح کیلئے فٹ بال، ہاکی دیگر سپورٹس سمیت تعمیری اور غیر نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جبکہ صوبے کے تمام انٹرنیشنل ائیر پورٹس پر سپیشل ڈیسک موجود ہیں جو آنے والے ہر غیر ملکی کا تفصیلی ریکارڈ محفوظ کرکے ائیر پورٹ سے ہی اس کی سیکیورٹی کیلئے اقدامات شروع کر دیتے ہیں ۔
انہوں نے مزیدبتایا کہ ایس پی یو اور منسٹری آف فارن افیئرز کے ساتھ ایم او یو بھی سائن ہوا ہے جس کے تحت چائنیزماہرین سمیت غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے لئے انفارمیشن شیئرنگ اور کوارڈی نیشن کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ایس پی یو کی مجموعی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ پروفیشنلزم کے اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ہائی الرٹ ہوکر فرائض کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ غیرملکی شہری، ماہرین اورسرمایہ کار بلا خوف و خطر پراجیکٹس کی تکمیل میں اپنا اہم کردار اداکرتے رہیں ۔