جسٹس گلزار احمد 21 دسمبر کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،

 
0
372

اسلام آباد 4 دسمبر (ٹی این ایس): سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس گلزاراحمد کی بطور نئے چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ جسٹس گلزار احمد 21 دسمبر 2019 ء کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور یکم فروری2022تک چیف جسٹس رہیں گے۔ موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ رواں ماہ 20 دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔
وزارت قانون نے جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعدوفاقی وزارت قانون و انصاف نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزار احمد موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔ جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی کے نامور وکیل نورمحمد کے گھر پیدا ہوئے۔
کراچی کے ایس ایل لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور 18 جنوری 1986 کو بطور وکیل اپنے پیشے کا آغاز کیا، چار اپریل 1988 کو ہائیکورٹ کی وکالت شروع کی جبکہ 15ستمبر 2001 کو بطور وکیل سپریم کورٹ اپنے کام کا آغاز کیا۔جسٹس گلزار احمد نے 27 اگست 2002 کو بطور جج سندھ ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد 14 فروری 2011 کو سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج بنے جبکہ 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور جج حلف اٹھایا۔
جسٹس گلزار احمد این ای ڈی یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر کے ممبر بھی رہے۔ جسٹس گلزار احمد 20 نومبر 2018 سے 28 نومبر 2018 تک اور 13 مئی 2019 سے 17 مئی 2019 کے دوران بھی بطور قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان رہے۔ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی 20 دسمبر کو ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس گلزاراحمد 21 دسمبر 2019 کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔