گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کی یورپی رہنمائوں سے ملاقاتیں، یورپی پار لیمنٹ کے اراکین کاجی ایس پی پلس سٹیٹس کی توسیع کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان

 
0
271

لاہور 4 دسمبر (ٹی اینا یس): یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر فابیو ماسیمو کاستالدواوریورپی پارلیمانی کمیٹی برائے فارن افئیرز کے چیئر مین ڈیوڈ میک آلسٹر سمیت 25سے زائد اراکین یورپی پار لیمنٹ نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی توسیع کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ۔بھارت پر مسئلہ کشمیر کے جلد ازجلد حل اور کشمیر یوں کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کر نے پر بھی زور دیا جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی دعوت پربرطانیہ سے ممبر یورپی پارلیمنٹ نینا گل کر تارپور ،ننکانہ صاحب اورلاہور بھی آئیں گی۔
گور نر ہائوس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے برسلزمیں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کے ہمراہ یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر فابیو ماسیمو کاستالدو’بلغاریہ سے رینیویورپ گروپ کے لیڈر الحان،گرین پارٹی کی ممبر یورپی پارلیمنٹ گینا ڈاڈین،برطانیہ سے کنزرویٹو پارٹی کی ممبر یورپی پارلیمنٹ آنتھیا، برطانیہ سے ممبر یورپی پارلیمنٹ نینا گل،برطانیہ سے ممبر یورپی پارلیمنٹ کلاڈ موریس، یونان سے ممبر یورپی پارلیمنٹ ایوا کیلی، جرمنی سے ممبر یورپی پارلیمنٹ پیٹرا کیمروٹ، جرمنی سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن ڈیوڈ میلکاسٹر، ایستونیا سے ممبر یورپی پارلیمنٹ آرمس پیٹ ،سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ واجد خان سمیت یورپی پار لیمنٹ کے دیگرا راکین سے تفصیلی ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی توسیع،پاک یورپ تجارت ،مسئلہ کشمیر اورسیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی جبکہ یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر فابیو ماسیمو کاستالدو سمیت تمام اراکین نے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی قر بانیوں کی تعریف کرتے ہوئے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے اپنی مکمل حمایت کااعلان کیاہے ۔
اپنے دورے کے حوالے سے گفتگو میں گور نر پنجاب نے کہا کہ الحمد اللہ بھارت کے پاکستان کیخلاف تمام تر منفی پروپیگنڈہ کے باوجود دنیا پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہی ہے اور یورپی پار لیمنٹ کے تمام اراکین نے پاکستان کی معاشی پالیسوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا اور سب پاکستان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی یورپی اراکین پار لیمنٹ کہتے ہیں کہ کشمیریوں کو انکے مکمل حقوق ملنے چاہیے اور مسئلہ کشمیر کا خطے میں امن کیلئے حل ضروری ہے مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ کرتارپور راہداری منصوبے کو بھی یور پ میں بھر پور سراہا جارہا ہے اور میری دعوت پر برطانیہ سے ممبر یورپی پارلیمنٹ نینا گل جلد کرتارپور ،ننکانہ صاحب او ر لاہور کا دورہ بھی کر یں گی میں نے یورپی اراکین پار لیمنٹ کو بتایا ہے کہ پاکستان نے انسانی حقوق، ماحولیات، سوشل کمپلائنس اور اقوام متحدہ عالمی کنونشن پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا ہے ۔
یورپ اور پاکستان میں دو طرفہ تجارت میں برابر کا اضافہ ہوا ہے ، دو طرفہ تجارت کے منافع سے پاکستان نے یورپ سے مشینری درآمد کی ہے اور جی ایس پی پلس سٹیٹس سے یورپ کو بھی فائدہ ہوا ہے۔گور نرنے مزید بتایا کہ میرا دورہ یورپ انتہائی کامیاب رہاہے اور اب میں بر طانیہ میں اراکین پار لیمنٹ اور دیگر لوگوں ملاقاتیں کروں گا جس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی جائیگی کیونکہ آج کشمیر میں کر فیو کو122دن ہوچکے ہیں اور کشمیر یوں کیلئے کشمیر ایک جیل بن چکا ہے جو سب سے بڑی دہشت گردی اورناانصافی ہے۔