اسلام آباد میں ڈینگی 1 اور جان لے گیا، 75 نئے کیس سامنے آگئے

 
0
117

اسلام آباد میں ڈینگی سے ایک اور شخص انتقال کرگیا، پانچ روز میں ڈینگی سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 75 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او نے بتایا کہ ڈینگی سے انتقال کرنے والا شخص ترلائی، اسلام آباد کا رہائشی تھا، رواں سال ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو چکی ہے۔

ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں 54 اور شہری علاقوں میں 21 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی کا شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 743 ہو گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔