پی آئی اے کا ریزرویشن اور چیک ان سسٹم در ست کام کر رہا ہے، ترجمان پی آئی اے

 
0
337

کراچی اگست 06.(ٹی این ایس )پی آئی اے کا ریزرویشن اور چیک ان سسٹم درست کام کر رہا ہے اور پروازیں اپنے نظام الاوقات کے مطابق روانہ ہورہی ہیں۔ پی آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز علصبح پی ٹی سی ایل کو انٹر نیٹ فراہم کرنے والی کیبل میں جدہ کے قریب ہونے والی خرابی کی وجہ سے پی آئی اے کی درجن بھر پروازیں متاثر ہو ئی تھیں لیکن پی آئی اے نے فوری طور پر اپنے متبادل سسٹم ٹرانس ورلڈ کے ذریعے ہفتے کی صبح ہی دس بج کر تیس منٹ پراپنے ریزرویشن اور چیک ان سسٹم کو بحال کر لیا۔ پی آئی اے کے پاس دو مختلف سسٹم PIE اور Transworldکا بیک اپ موجود ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ اس متبادل سسٹم پر منتقلی کے بعد پی آئی اے کا ریزرویشن سسٹم اور چیک ان سسٹم اپنے معمول کے مطابق کا م کر رہا ہے ۔ دریں اثنا آج صبح کراچی ائر پورٹ پر سیکورٹی سکینگ مشینوں میں خرابی کی وجہ سے پی آئی اے کی کراچی سے ٹورنٹو اور لندن جانے والی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز انٹر نیٹ سسٹم میں اچانک خرابی کی وجہ سے درجن بھر پروازوں کی آمدورفت میں تاخیر ہوئی تھی جس کی وجہ سے آج کی چند پروازوں کے لئے طیاروں کی آمد میں تاخیر ہوئی ۔ پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو اس غیر متوقع صورتحال سے ہونے والی زحمت پر معذرت کی ہے۔