عمران خان کی نااہلی، مختلف شہروں میں PTI کارکنوں کے مظاہرے

 
0
87

الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کے خلاف تحریکِ انصاف کے کارکن احتجاجاً کراچی میں شارع فیصل پر پہنچ گئے۔

پولیس کی نفری نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو شارعِ فیصل بلاک کرنے سے روک دیا اور وہاں احتجاج کو روکنے کے لیے نرسری پر واٹر کینن پہنچا دی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اپنے لیڈر کو نااہل قرار دیے جانے پر احتجاجاً سیکٹر جی 13 کے قریب سری نگر ہائی وے بھی بند کر دی۔

لاہور میں اپنے چیئرمین کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک پر ٹریفک بلاک کر دیا۔

احتجاجی وکلا نے ٹائر جلا کر مال روڈ بلاک کردی۔ جی پی او چوک پر احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

فیصل آباد میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔

گوجرانوالہ کے چندا قلعہ بائی پاس اور جناح انٹر چینج پر بھی پی ٹی آئی کے کارکنان نے احتجاج کیا۔

رحیم یار خان میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے صادق آباد سے چوک بہادر پور تک قومی شاہراہ بلاک کر دی جبکہ جناح انٹرچینج بائی پاس کو بھی بند کر دیا۔

بورے والا میں تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے لاری چوک پر احتجاج کیا اور اپنے لیڈر کے حق میں نعرے لگائے۔

منڈی بہاءالدین میں بھی عمران خان کی نااہلی کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا ہے۔

سرگودھا میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کلب چوک میں ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی۔ احتجاج کے باعث یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔

خیبر پختون خوا کے شہر بنوں میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف پریس کلب کے سامنے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔

خیبر پختون خوا کے ضلع مردان میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا اور کالج چوک پر ٹا ئر جلا کر ٹریفک کو بلاک کر دیا۔