سی ڈی اے اسلام آباد میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سرگرم۔

 
0
163

اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 08 نومبر، 2022): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے منگل کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر کے 60 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی جبکہ تجاوزات کنندگان کا 12 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا۔

ان کارروائیوں کا آغاز اسلام آباد کے نواحی علاقے موضع کری ڈھوک بلاغ سے کیا گیا جہاں پر قبضہ مافیا سرکاری اراضی قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے جسکے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے محکمہ مال سی ڈی اے کے تعاون سے نشاندھی کا عمل شروع کیا گیا جسمیں یہ تعمیرات سی ڈی اے کی حصول شدہ اراضی پر پائی گئی۔ نشاندھی کی روشنی میں سی ڈی اے اراضی پر بننے والی وسیع چار دیواری کو مسمار کر کے 60 کنال اراضی پر قبضہ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اسی طرح چئیرمین سی ڈی اے کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس کی ہدایت پر اسلام آباد کے مراکز اور کمرشل ایریاز میں پبلک راہداریوں، عوامی گذرگاہوں اور فٹ پاتھ سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے محکمہ انفورسمنٹ نے خصوصی مہم شروع کر دی ہے جسکے سلسلے میں روزمرہ کی بنیاد پر اسلام آباد کے مختلف مراکز اور تجارتی سنٹرز میں کارروائیاں کی جا رہی ہے۔ اس مہم کے دوران محکمہ انفورسمنٹ نے سیکٹر F-11 مرکز، F-10 مرکز، F-7 مرکز، G-9/4 پشاور موڑ میں قائم تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائی گئی جسکے دوران روڈ کے اطراف، عوامی گذرگاہوں اور فٹ پاتھ پر لگے درجنوں اسٹالز کو ہٹایا گیا اور تجاوزات کنندگان کا 9 ٹرک سامان بھی ضبط کر لیا۔ علاوہ ازیں مارگلہ ٹاؤن فیز -I اور موٹر وے چوک میں بھی تجاوزات کو ہٹاتے ہوئے 2 ٹرک سامان ضبط کر لیا۔

مزید برآں سیدپور ماڈل ویلج میں نیشنل پارک ایریا کی اراضی پر قبضے کی غرض سے ایک نئے مکان کی تعمیر کی جارہی تھیں جس پر محکمہ انوائرمنٹ کی موجودگی میں کارروائی کرتے ہوئے زیر تعمیر مکان کو گرا دیا جبکہ بری امام میں بھی سرکاری اراضی پر بننے والے ایک گھر کو مسمار کر کے سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

مزید یہ کہ سیکٹر H-9 میں شفاء انٹرنیشنل ہاسپٹل کے سامنے فٹ پاتھ پر موٹر سائیکل کی پارکنگ بنا کر فٹ پاتھ پر قبضہ کیا ہوا تھا جسکی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات درپیش آ رہی تھی۔ اس غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کے دوران متعدد موٹر سائیکلوں کو ضبط کر لیا جبکہ فٹ پاتھ کو خالی کرا لیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کلیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو جدید خطوط پر استوار کر کے اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنایا جائے گا تاکہ یہاں کے رہائشیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکے۔