پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان آج عوام کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں سابق وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ روات کے مقام سے راولپنڈی شہر داخل ہو نے کیلئے پہنچے گا۔
انہوں نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے اس شاندار مہم کی نگرانی کی اور آج دونوں قافلے روات کے مقام پر ملیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آخری مرحلہ آ گیا ہے تیار رہیں،عمران خان آج عوام کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دیں گے۔
اس سے قبل مسرت چیمہ نے اپنے ایک پیغام میں بتایا ہے کہ آج انشاءاللہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی قیادت میں پہنچنے والے مارچز کا اجتماع روات میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ آج ایک تاریخی اجتماع ہوگا جس سے پاکستانی قوم کے متفقہ لیڈر عمران خان 4:15 اہم خطاب کریں گے جس میں وہ آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے لیڈر کی کال کے لیے تیار ہے اور بھرپور پیغام دے گی کہ یہ قوم کسی کی غلامی قبول نہیں کرے گی، اس وقت پوری قوم شدت سے چئیرمین کے خطاب کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ ہمارا مقصد پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی حاصل کی جائے گی جہاں قانون کی نظر میں سب برابر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا صحیح معنوں میں نفاذ ہوگا، عوامی نمائندے عوام کی خدمت کریں گے اور ریاست مدینہ کی طرز پر ریاست قائم ہوگی۔