نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا تقرر، نوٹیفکیشنز جاری

 
0
115

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کے گزٹ نوٹیفیکیشنز جاری کر دیے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ساحر شمشاد مرزا کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کا اطلاق 27 نومبر سے ہوگا ۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔

سید عاصم منیر کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر سے ہوگا ۔ جنرل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی بھی 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔

ترقیاں اور تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 243 چار اے، بی ، آرٹیکل 48 اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے سیکشن 8 اے، 8 ڈی کے تحت ہوئی ہیں۔

دریں اثنا وفاقی حکومت نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے گزٹ نوٹیفیکیشنز بھی جاری دیے ہیں، جس کے مطابق وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کی منظوری بھی دے دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کا اطلاق 29 نومبر سے ہوگا۔ وزیراعظم نے جنرل ندیم رضا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ریٹائرمنٹ کی منظوری بھی دے دی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ریٹائرمنٹ کا اطلاق 27 نومبر سے ہوگا۔آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ریٹائرمنٹ کی منظوری نارمل مراعات کے ساتھ دی گئی ہے۔