اسمبلیاں رہیں گی یا نہیں؟ عمران خان آج لاہور میں اعلان کریں گے

 
0
118
پاکستان تحریک انصاف آج لاہور کے لبرٹی چوک میں ایک بار پھر پاور شو کرنے جا رہی ہے۔ چیئرمین عمران خان کے مطابق وہ اس احتجاجی مظاہرے میں اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق حتمی اعلان کریں گے۔
اس سے قبل 26 نومبر کو روالپنڈی میں لانگ مارچ کے اختتام پر انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے نکلنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
بعد ازاں انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلٰی پرویز الہی چاہتے ہیں کہ ابھی کچھ عرصہ اسمبلیاں چلتی رہیں۔
لانگ مارچ کے بعد ان کی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز لاہور میں ان کی رہائش گاہ ہی رہی ہے۔ جہاں انہوں نے پنجاب کے تمام ایم پی ایزسے ملاقاتیں کیں اور ان سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت بھی کی۔
اس دوران پی ٹی آئی نے عوامی رابطہ مہم بھی جاری رکھی اور صوبائی دارالحکومت میں آئے روز ریلیاں نکالی جاتی رہی ہیں جو کہ سینچر 17 دسمبر کو لبرٹی میں ایک بڑے شو کی تیاری تھی۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’چئیرمین عمران خان نے مشاورت مکمل کر لی ہے اور وہ ہفتے کو ایک بڑا اور تاریخی اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ اب امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکےہیں۔‘
تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’لبرٹی چوک میں ہونے والے تاریخی پاور شو کی تیاریوں کے سلسلے میں  پارٹی دفتر جیل روڈ میں پی ٹی آئی لاہور کا اہم تنظیمی اجلاس صدر لاہور شیخ امتیاز محمود کی صدارت میں منعقد ہوا۔’
بیان کے مطابق ’اجلاس میں آج لبرٹی چوک میں پاور شو کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی اور تمام رہنماؤں اور کارکنان کو بھرپور شرکت کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔‘
اجلاس سے شیخ امتیاز محمود، سینیٹر ولید اقبال غلام محی الدین دیوان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے عوام ان سے نجات کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اورجدوجہد فیصلہ کن مرحلے  میں داخل ہوچکی ہے۔‘
پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے کے لیے دوپہر دو بجے کا وقت دیا گیا ہے جبکہ اس حوالے جلسے کو کڑی سکیورٹی دینے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پارٹی نے ابھی اس بابت نہیں بتایا کہ عمران خان خود اس جلسے میں شریک ہوں گے یا پھر ویڈیو لنک کے ذریعے ہی خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ پچھلے مہینے بھی لاہور کے اسی لبرٹی چوک سے تحریک انصاف نے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔